کرفیو کے باوجود کشمیریوں کے مظاہرے بھارت کے خلاف ریفرنڈم ہے، او آئی سی

ویب ڈیسک  جمعرات 20 اکتوبر 2016

او آئی سی کے رکن ممالک نے حق خود ارادیت کے لئے کشمیریوں کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے: فوٹو : فائل

او آئی سی کے رکن ممالک نے حق خود ارادیت کے لئے کشمیریوں کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے: فوٹو : فائل

تاشقند: اسلامی تعاون تنظیم کی وزارئے خارجہ کونسل نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض فوجیوں کی جانب سے مسلسل کرفیوکے باوجود کشمیری عوام کے مظاہرے بھارت کے خلاف کھلا ریفرنڈم ہے۔

تاشقند میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزارئے خارجہ کی کونسل کا 43 واں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزارئے خارجہ کی کونسل نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان حریت رہنما برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد ہونے مظاہرے بھارت کے خلاف ریفرنڈم ہیں بھارتی قابض افواج نے ان مظاہروں کو روکنے کے لئے ظلم بربریت کا بازار گرم کررکھا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کشمیریوں کی مکمل حمایت کا اعلان

اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کا کہنا تھاکہ کرفیو کے بہانے کشمیری عوام کا بہیمانہ قتل، غیر قانونی طور پر حراست میں رکھنے، کشمیری رہنماؤں کی گرفتاریاں ، پیلٹ گن کے ذریعے نہتے عوام کو زخمی اور تاعمر بینائی سے محروم کیا جارہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: او آئی سی کا بھارت سے مطالبہ

وزارئے خارجہ کی کونسل نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دہشت گردی قرار دینے کی بھارتی کوشش کو مسترد کرتے ہوئے ایک قرارداد بھی منظور کی جس میں او آئی سی کے رکن ممالک کی جانب سے حق خود ارادیت کےلئے کشمیریوں کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا گیا اور بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت بھی کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔