روس مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کردار ادا کرے، یاسین ملک کی اہلیہ کا ولادیمیر پیوتن کو خط

ویب ڈیسک  جمعرات 20 اکتوبر 2016

روسی صدر کشمیر میں ہونے والے جنگی جرائم کی روک تھام کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالیں، خط کا متن۔ فوٹو: فائل

روسی صدر کشمیر میں ہونے والے جنگی جرائم کی روک تھام کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالیں، خط کا متن۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ یٰسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کو خط میں لکھا ہے کہ روس مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سلامتی کونسل میں اپنا کردار ادا کرے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حریت رہنما اور کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ یٰسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نے گزشتہ 103 روز سے کرفیو کی صورتحال پیدا کررکھی ہے اور نہتے عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔ مشعال ملک نے خط میں لکھا ہے کہ روسی صدر کشمیر میں ہونے والے جنگی جرائم کی روک تھام کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالیں اور پاک بھارت مذاکرات کی بحالی اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سلامتی کونسل میں اپنا کردار ادا کریں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: قیادت قید ہے مگر تحریک آزادی کو فرق نہیں پڑا، مشعال ملک

خط لکھنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مشعال ملک کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 3 ماہ سے زائد عرصے میں سیکڑوں افراد کو بے گناہ قتل کردیا گیا ہے اور 15 ہزار سے زائد افراد کو زخمی جبکہ 100 سے زائد افراد کی بینائی چھین لی گئی ہے حریت رہنماؤں کو بالخصوص میرے شوہر یٰسین ملک کو حبس بے جا میں رکھا گیا ہے جہاں ان کی طبیعت پہلے سے زیادہ خراب ہوچکی ہے جبکہ بھارت کی جانب سے مجھے کشمیر جانے کے لئے ویزہ بھی نہیں دیا جارہا۔ ان کا کہنا تھا کہ روس سے سہ فریقی مذاکرات کے لئے کردار ادا کرنے کا کہا ہے جبکہ سلامتی کونسل کے دیگر ارکان اور چین جو کشمیری عوام کے ساتھ ہے اسے بھی خط لکھا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔