عامر خان کی فلم ’’دنگل‘‘ کا ٹریلر مقبولیت کی انتہا کو پہنچ گیا

ویب ڈیسک  جمعرات 20 اکتوبر 2016
فلم کے ٹریلیر کو چند گھنٹوں میں 30 لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔ فوٹو ؛ فائل

فلم کے ٹریلیر کو چند گھنٹوں میں 30 لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔ فوٹو ؛ فائل

ممبئی: بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی نئی آنے والی فلم ’’دنگل‘‘ کا ٹریلیر جاری کردیا گیا جسے سوشل میڈیا پر بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

بالی ووڈ اسٹار عامر خان  اپنے کردار میں ڈھل جانے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی فلموں کا بڑی بے صبری سے انتظار کیا جاتاہے جب کہ سلو میاں کی فلم ’’سلطان‘‘  کے بعد مسٹر پرفیکشنسٹ کی فلم کا شدت سے انتظار کیا جارہا ہے لیکن فلم نے ٹریلیر اپنی ریلیز کے ساتھ ہی مقبولیت کی انتہا کو پہنچ چکا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اسٹار عامر خان کی فلم ’’دنگل‘‘ کا ٹریلیر جاری کردیا گیا جس  نے دیکھتے ہی دیکھتے مقبولیت حاصل کرلی ہے جب کہ مداحوں کی جانب سے  فلم کے ٹریلیرکو بے حد پسند کیا جاریا ہے جسے چند گھنٹوں میں ہی یو ٹیوب پر 30 لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔

دوسری جانب فلم نگری کے بڑے بڑے ستارے بھی عامر خان کی فلم کے ٹریلیر سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلم کے ٹریلیر کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے ہیں جب کہ معروف ہدایتکار کرن جوہر کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ فلم ’’دنگل‘‘بہترین فلم جو کہ تاریخ رقم کردے گی۔

اداکار رتیش دیش مکھ کا کہنا تھا کہ فلم کے ٹریلیر نے لاجواب کردیا ہے اور ذہانت کا دوسرانام عامر خان ہے جب کہ اداکارہ کیریتی سنون نے ٹوئٹ میں کہا کہ فلم  کاٹریلیر فل سیٹی مار ہے جسے دیکھ کر اب فلم دیکھنے کے لیے بیتاب ہوں۔

https://twitter.com/kritisanon/status/789045512603365377

واضح رہے کہ عامر خان  نے فلم میں پہلوان کا کردار ادا کیا ہے اور  فلم رواں سال 23 دسمبر کونمائش کے لیے پیش کی جائے گی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔