ہونڈا پاکستان نے 3 لاکھ کاریں بنانے کا سنگ میل عبور کرلیا

بزنس ڈیسک  جمعـء 21 اکتوبر 2016
صرف 4 سال میں کمپنی نے مجموعی طور پر 3 لاکھ یونٹ بنانے کا سنگ میل عبور کرلیا۔ فوٹو: فائل

صرف 4 سال میں کمپنی نے مجموعی طور پر 3 لاکھ یونٹ بنانے کا سنگ میل عبور کرلیا۔ فوٹو: فائل

لاہور: ہونڈا اٹلس کارز (پاکستان) لمیٹڈ نے آٹو موبائل پروڈکشن میں مجموعی طور پر 3 لاکھ یونٹس مکمل ہونے پر اپنی فیکٹری واقع مانگا منڈی لاہور میں یادگار تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب کے موقع پر نئی 2016 سوِک پروڈکشن لائن سے گزاری گئی جو 3لاکھ ویں گاڑی تھی۔

ہونڈا موٹر کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ریپریزنٹیٹو ڈائریکٹر مسٹر تاکی ہیرو ہشیگو، ہونڈا موٹر کمپنی لمیٹڈ کے ریجنل آپریشنز (ایشیا اور اوشیئنیا) کے چیف آپریٹنگ آفیسر مسٹر نوریاکی ایبے، ہونڈا اٹلس کارز (پاکستان) لمیٹڈ کے پریزیڈنٹ اور سی ای او مسٹر ٹوئچی اشیاما اور اٹلس گروپ کے گروپ پریزیڈنٹ عامر ایچ شیرازی نے ہونڈا اٹلس کارز (پاکستان) لمیٹڈ کے 1600 رفقاء کے ہمراہ اس تقریب میں شرکت کی۔

مسٹر ہشیگو نے کہا کہ ہونڈا اٹلس کارز 22 سال سے زیادہ عرصہ سے پاکستان آٹوموبائل مارکیٹ میں اپنی پروڈکٹس پیش کر رہی ہے اور اس کی ہمیشہ بھرپور کوشش رہی ہے کہ وہ اپنے کسٹمرز کو بہترین کوالٹی پروڈکٹس فراہم کرسکے۔ میں ان تمام ہونڈا کسٹمرز کا شکرگزار ہوں جنہوں نے ہمیں اپنی ’’جوائے آف بائینگ‘‘ کا حصہ بنایا۔

ہونڈا اٹلس کارز (پاکستان) لمیٹڈ نے مئی 1994ء میں سوِک کی لانچ کے ساتھ بزنس آپریشنز کا آغاز کیا اور جنوری 1997ء میں سٹی کو بھی پروڈکشن لائن میں شامل کرلیا۔ دسمبر 2005ء میں ایک لاکھ یونٹس اور جولائی 2012ء میں 2 لاکھ یونٹ پروڈکشن کا اعزاز حاصل کیا لیکن اس کے بعد صرف 4 سال میں کمپنی نے مجموعی طور پر 3 لاکھ یونٹ بنانے کا سنگ میل عبور کرلیا۔

تین لاکھ یونٹ مکمل ہونے کی خوشی میں ہونڈا اٹلس کارز (پاکستان) لمیٹڈ نے 21 اکتوبر سے 21 نومبر 2016 ء کے دوران آرڈر کئے جانے پر HR-V کسٹمرز کے لیے فری موڈیولو ڈور وائزر کِٹ اورا سپیشل انجن آئل پیکیج کی خصوصی سیلز پروموشن لانچ کرنے کا بھی اعلان کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔