پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر ٹیسٹ سیریز بھی اپنے نام کرلی

ویب ڈیسک  اتوار 23 اکتوبر 2016
ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں پاکستان کے ہدف 456 رنز کے تعاقب میں 322 رنز ہی بناسکی فوٹو:اے ایف پی

ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں پاکستان کے ہدف 456 رنز کے تعاقب میں 322 رنز ہی بناسکی فوٹو:اے ایف پی

ابو ظہبی: دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 133 رنز سے شکست دیکر ٹیسٹ سیریز بھی اپنے نام کرلی ہے۔

ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 133 رنز سے ہراکر ٹیسٹ سیریز بھی اپنے نام کرلی جب کہ ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں پاکستان کے ہدف 456 رنز کے تعاقب میں 322 رنز ہی بناسکی۔ میچ کے پانچویں اور آخری روز171 رنز 4 وکٹوں کے نقصان پر کھیل شروع ہوا تو روسٹن چیز اور بلیک ووڈ نے تیزی سے رنز بنانا شروع کیئے اور 70 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم روسٹن چیز 187 کے مجموعی اسکور 20 رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار ہو گئے،اس کے بعد جرمین بلیک ووڈ نے مزید تیزی سے کھیلنا شروع کیا تاہم وہ بھی 95 رنز بنا کر 244 کے مجموعی اسکو رپریاسر شاہ کی گھومتی گیند کا نشانہ بن گئے، جب کہ مہمان ٹیم کے کپتان جیسن ہولڈر بھی 266 کے مجموعی اسکور پر یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے،اس کے بعد ویسٹ انڈیز کا کوئی بھی کھلاڑی خواطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکا اور پوری ٹیم 322 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 5 جب کہ محمد نواز اور راحت علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: تاریخی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو شکست

واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دبئی میں کھیلے جانے والے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں گرین کیپس نے کالی آندھی کو 56 رنز سے شکست دی تھی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔