میئر اسلام آباد نے شہر کو ماحولیاتی آلودگی سے بچانے کیلیے اقوام متحدہ سے معاہدہ پردستخط کردیئے

ویب ڈیسک  جمعـء 21 اکتوبر 2016
اسلام آباد اقوامِ متحدہ كے شہری ماحولیاتی معاہدے كو اپنانے والادنیا كا 101 واں جب كہ پاكستان كا پہلا شہر ہے۔ فوٹو؛ این این آئی

اسلام آباد اقوامِ متحدہ كے شہری ماحولیاتی معاہدے كو اپنانے والادنیا كا 101 واں جب كہ پاكستان كا پہلا شہر ہے۔ فوٹو؛ این این آئی

 اسلام آباد: میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے اسلام آباد كو ماحول دوست شہر بنانے اور شہر سے آلودگی كے خاتمہ كے لیے اقوامِ متحدہ كے شہری ماحولیاتی معاہدے كو اپنانے كے لیے اسلام آباد گرین چارٹر پر دستخط كر دیئے ہیں۔

اسلام آباد اقوامِ متحدہ كے شہری ماحولیاتی معاہدے كو اپنانے والادنیا كا 101 واں جب كہ پاكستان كا پہلا شہر ہے۔ اس معاہدے كا مقصد قدرتی ماحول میں مزید بہتری لانا اور آلودگی كے باعث ماحول كو پیش آنے والے نقصانات كا ازالہ كرنا ہے تاكہ آنے والی نسل كو ایك صحت مند ماحول منتقل كیا جا سكے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد كے ایك مقامی ہوٹل میں اسلام آباد گرین چارٹر پر دستخط كرنے كی ایك تقریب منعقد ہوئی۔ اسلام آباد گرین چارٹر پر وزیر اعظم كے فوكل پرسن برائے گرین پاكستان سید رضوان محبوب اور میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے دستخط كیے۔

تقریب میں وفاقی وزیرِ برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد،وزیرِ اعظم پاكستان كے فوكل پرسن برائے گرین پاكستان سید رضوان محبوب، میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز، حكومت كے سینئر افسران، چیمبر آف كامرس كے نمائندے، سول سوسائٹی، میڈیا ، منتخب نمائندوں كے علاوہ سی ڈی اے اور میٹرو پولیٹین كارپوریشن اسلام آباد كے سینئر افسران نے شركت كی۔

تقریب سے خطاب كرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے كہا كہ اقوامِ متحدہ كے شہری ماحولیاتی معاہدے كو اپنانے كے لیے اسلام آباد گرین چار ٹر پر دستخط كرنے كا یہ موقع ایك تاریخ رقم كر رہا ہے كیونكہ اسلام آباد پاكستان كا پہلا شہر ہے جس نے شہر سے ماحولیاتی آلودگی كے نتیجے میں ہونے والے نقصانات كے ازالے ، شہر كے ماحول میں بہتر ی لانے اور اس كو مزید خوبصورت بنانے كے لیے اقوامِ متحدہ كے معاہدے كے طے شدہ 21 بنیادی ایكشنز كو اپنانے كا چیلنج قبول كیا ہے۔

اس موقع پر میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے كہا كہ اسلام آباد گرین چارٹر ایك عظیم مقصد ہے جس پر عمل پیرا ہو كر اسلام آباد كو مزید سر سبز و شاداب اور ماحول دوست بنایا جائے گا۔ انہوں نے كہا كہ ملك كے دیگر شہروں كی نسبت اسلام آباد منصوبہ بندی اور ترقی كے حوالے سے بہت آگے ہے تاہم مختلف چیلنجز ہیں جن سے نمٹا جا رہا ہے اور سروس ڈیلیوری سسٹم میں كوتاہیوں كو دور كرنے كے عمل پر بھی تیزی سے كام كیا جا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔