بورڈ کو باصلاحیت بولرز تلاش کرنے کا خیال آ ہی گیا

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 22 اکتوبر 2016
2 اور3 نومبر کو پی سی بی کرکٹ گراؤنڈ سکھر میں کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

2 اور3 نومبر کو پی سی بی کرکٹ گراؤنڈ سکھر میں کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

لاہور: پی سی بی کو باصلاحیت بولرز تلاش کرنے کا خیال آہی گیا، نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے زیر اہتمام فاسٹ بولر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز26 اکتوبر سے ہوگا۔

ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر کی سربراہی میں 11نومبر تک شیڈول اس پروگرام میں17سے21 سال کی عمر تک کے پیسرز ٹرائلز میں شرکت کے اہل ہوں گے، پی سی بی کے مطابق پروگرام کے ذریعے مجموعی طور پر30کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا، انھیں دسمبر میں ملتان میں شیڈول ایک ہفتے کے اسکل ڈیولپمنٹ کیمپ میں صلاحیتیں نکھارنے کا موقع دیا جائے گا۔

ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں مدثر نذر، مشتاق احمد، اعجاز احمد اور علی ضیا کے ساتھ این سی اے کے ایلیٹ اور ریجنل کوچز بھی موجود ہوں گے، شیڈول کے مطابق بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں ٹرائلز26 اور27 اکتوبر کو ہوں گے، بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ان میں شرکت کے اہل ہیں، 2 اور3 نومبر کو پی سی بی کرکٹ گراؤنڈ سکھر میں کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جائے گا، اندرون سندھ کے  پلیئرز کو اس میں شریک ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔

تیسرے مرحلے میں این سی اے کوچز میرپور جائیں گے اور 6 اور 7 نومبر کو میرپور اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گے، اسی روز نارول کرکٹ گراؤنڈ مظفرآباد میں بھی کھلاڑیوں کے ٹرائلز ہوں گے، اے جے کے کھلاڑیوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے، پانچویں مرحلے میں 10 اور11نومبر کو اسلامیہ کرکٹ گراؤنڈ پشاور میں کھلاڑیوں کے ٹرائلز لیے جائیں گے جس میں فاٹا اور پشاور کے کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔