ایشوریا کی بیٹی رنبیر کو والد سمجھ بیٹھیں

ویب ڈیسک  ہفتہ 22 اکتوبر 2016
فلم کی شوٹنگ کے دوران رنبیر نے ابھیشیک بچن کی طرح جیکٹ اور کیپ  پہنی ہوئی تھی جس پر بیٹی کو دھوکا ہوا، ایشوریا رائے، فوٹو؛ فائل

فلم کی شوٹنگ کے دوران رنبیر نے ابھیشیک بچن کی طرح جیکٹ اور کیپ پہنی ہوئی تھی جس پر بیٹی کو دھوکا ہوا، ایشوریا رائے، فوٹو؛ فائل

ممبئی: بالی ووڈ کی صف اول کی اداکارہ ایشوریا رائے بچن کی بیٹی ارادھیا فلم ’’اے دل ہے مشکل‘‘ کی شوٹنگ کے دوران اداکار رنبیر کپور کو والد سمجھ بیٹھیں اور ان سے لپٹ گئیں۔

بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن اور رنبیر کپور فلم ’’اے دل ہے مشکل‘‘ میں پہلی بار ایک ساتھ جلوہ گر ہورہے ہیں اور فلم میں دونوں قابل اعتراض مناظر کی عکس بندی کے باعث شہ سرخیوں میں ہیں لیکن اب سابق حسینہ عالم نے فلم کی شوٹنگ کے دوران بیٹی کے رنبیر کو والد سمجھنے کے واقعے کا انکشاف کیا ہے۔

سابق حسینہ عالم اور اداکارہ ایشوریا رائے بچن نے بھارتی میگزین کو انٹرویو میں انکشاف کیا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران رنبیر نے ابھیشیک بچن کی طرح جیکٹ اور کیپ  پہنی ہوئی تھی جس پر ان کی 4 سالہ  بیٹی ارادھیا انہیں والد سمجھ کر ان سے لپٹ گئیں جس پر رنبیرنے اسے گود میں لے لیا تھا جب کہ بیٹی نے اپنے والد کی طرح رنبیر سے بھی بات کرنا شروع کردی تھی لیکن والد کے نہ ہونے کا  اندازہ ہونے پر خود ہی رنبیر کی گود سے اتر آئی تھی۔

واضح رہے کہ فلم ’’اے دل ہے مشکل‘‘ میں اداکار رنبیر کپور، فواد خان، ایشوریارائے بچن اور انوشکاشرما نے مرکزی کردار ادا کیا ہے جب کہ فلم 28 اکتوبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔