ڈے نائٹ ٹیسٹ، اظہرالدین نے مستقبل پر سوالیہ نشان لگا دیا

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 23 اکتوبر 2016
پاک بھارت سیاسی کشیدگی کانزلہ صرف کرکٹ پرگرانا درست نہیں، سابق اسٹار۔ فوٹو: فائل

پاک بھارت سیاسی کشیدگی کانزلہ صرف کرکٹ پرگرانا درست نہیں، سابق اسٹار۔ فوٹو: فائل

شارجہ: اظہرالدین نے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگا دیا، سابق بھارتی کپتان کا کہنا ہے کہ رات کو کنڈیشنز یکسر تبدیل ہونے سے ٹیموں کو مشکلات درپیش آتی رہیں گی، تجربہ کامیاب ہونے کی توقع نہیں کر سکتے، ان کے مطابق پاکستان اور بھارت کے مابین سیاسی کشیدگی کا نزلہ صرف کرکٹ پر ہی گرانا درست نہیں۔

تفصیلات کے مطابق میچ فکسنگ کے الزامات پر بھارتی ٹیم کے سابق کپتان اظہرالدین کے کیریئر کو بریک لگ گئی تھی تاہم سیاست کے ساتھ وہ اس کھیل سے اپنی وابستگی کسی نہ کسی طور برقرار رکھے ہوئے ہیں، ان کے مشورے پر ہی یونس خان نے اپنی تکنیکی خامی درست کرتے ہوئے انگلینڈ میں ڈبل سنچری بنائی، اظہرالدین یواے ای کی اکیڈمی میں نوعمر کرکٹرز کو ٹریننگ دینے میں مصروف ہیں۔

ایک انٹرویو میں انھوں نے کہاکہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کا سلسلہ زیادہ نہیں چل سکے گا، دن کی روشنی میں کھیلے جانے والے میچز میں کنڈیشنز کا بہت زیادہ فرق ہوتا ہے، مثال کے طورپر سہ پہر کو گرمی اور روشنی بہت مختلف جبکہ رات کو ماحول یکسر تبدیل ہوجاتا ہے،پنک بال کا رویہ بھی قطعی مختلف ہے، اس تجربے کا مستقبل میں بھی جاری رہنا یقینی نظر نہیں آتا۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ محمد عامر نے اسپاٹ فکسنگ میں سزا کاٹی، بعد ازاں ایک طریقہ کار کے مطابق ان کی واپسی بھی ہوگئی، بھارتی بولر سری سانتھ کو بھی دوسرا موقع ملنا چاہیے، وہ اچھی رفتار سے بولنگ اور سوئنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ان کی کرکٹ باقی ہے۔

اظہر الدین نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین سیاسی کشیدگی کا نزلہ صرف کرکٹ پر ہی گرایا جانا درست نہیں، اداکاروں اور گلوکاروں پر بھی پابندی عائد کردی جائے،یا کرکٹرز اور باہمی مقابلوں کے راستے بھی کھول دیے جائیں، دوہرا معیار نہیں ہونا چاہیے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔