سبی، فراری کمانڈرز نے 43 ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال دیے

نمائندہ ایکسپریس / آئی این پی  اتوار 23 اکتوبر 2016
پاکستان ہمارا ملک ہے، بلوچ قوم محب وطن ہے، اب ہم کبھی براہمدغ بگٹی کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ فوٹو: فائل

پاکستان ہمارا ملک ہے، بلوچ قوم محب وطن ہے، اب ہم کبھی براہمدغ بگٹی کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ فوٹو: فائل

سبی: بھارتی ایجنٹ براہمدغ بگٹی کابھارت سے شہریت حاصل کرنے اور پاکستان کیخلاف بھارتی حکومت کے ساتھ مل کر سازشیں کرنے پران کے تین فراری کمانڈروں نے اپنے 43ساتھیوں سمیت ایف سی ہیڈ کوارٹر سبی اسکاؤٹس میں رکن قومی اسمبلی میر دوستین خان ڈومکی، سرکل کمانڈ ایسٹ بریگیڈیئر امجد علی دستی کے سامنے ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہونے کا اعلان کردیا ہے۔

براہمدغ بگٹی کے کہنے پر بلوچستان میں10سال سے دہشت گردی کی وارداتوں میںملوث ان فرار ی کمانڈروں لعل خان ، گوبن، قصر خان کی طرف سے ہتھیار ڈالنے کی تقریب میں ان کے ہمراہ ان کے 43 ساتھی بھی موجود تھے۔

اس موقع پرفراری کمانڈرز نے کہا کہ ہم براہمدغ بگٹی کے کہنے پر پہاڑوں پر گئے تھے اور بلوچستان کی آزادی کا جھانسہ دے کر بہکایا گیا لیکن بھارت میں شہریت حاصل کرنے گاندھی کے پتلے کے سامنے جھکنے بلوچستان سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں دہشت گردی میں بھارتی ایجنسی کے ساتھ مل کرکام کرنے پربراہمدغ بگٹی کا اصل چہرہ سامنے آچکا ہے۔

پاکستان ہمارا ملک ہے، بلوچ قوم محب وطن ہے، اب ہم کبھی براہمدغ بگٹی کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے ہم پاک فوج ،ایف سی اور حکومت کے مشکور ہیں جس نے ہمیں عزت سے نوازا، اب ہم مرتے دم تک پاکستان کے وفادار شہری رہیں گے ۔اس موقع پر میر رکن اسمبلی دوستین خان ڈومکی نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا تو پوراہال نعروں سے گوج اٹھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔