کشمیریوں پر مظالم، جماعت الدعوۃ اور وکلا کا ملک گیر جدوجہد کا اعلان

نمائندہ ایکسپریس / این این آئی  اتوار 23 اکتوبر 2016
حکمرانوں نے نظریہ پاکستان دھندلانے کی کوشش کی، وکلا کشمیریوں کے ساتھ ہیں، اسد بٹ۔ فوٹو: آن لائن/فائل

حکمرانوں نے نظریہ پاکستان دھندلانے کی کوشش کی، وکلا کشمیریوں کے ساتھ ہیں، اسد بٹ۔ فوٹو: آن لائن/فائل

لاہور: جماعت الدعوۃ، سپریم کورٹ بار، لاہور ہائیکورٹ بار، لاہور ٹیکس بار اور دیگر وکلا تنظیموں نے کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف اور نظریہ پاکستان کے تحفظ کیلیے ملک گیر سطح پر بھرپور جدوجہد کااعلان کیا ہے، جماعت الدعوۃ کے مرکزالقادسیہ چوبرجی میں سینئر وکلا کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔

اس موقع پرخطاب میں جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید نے کہاکہ بیرونی قوتیں پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں۔ امریکا بھارت کو شہ دے کر پاکستان کو نقصانات سے دوچار کرنے کی سازشیں کر رہا ہے تاہم کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد نے سب سازشوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ بھارت نے کشمیر سے فوج نہ نکالی تو یہ سلسلہ صرف کشمیر تک محدود نہیں رہے گا، حالات کا تقاضا ہے کہ جذبات اور احساسات کو بروئے کار لا کرملک میں بہت بڑی تبدیلی پیدا کریں۔

این این آئی کے مطابق ان کا کہنا تھا کہدکھ اس بات کا ہے کہ پارلیمنٹ میں قومی پالیسی کے برعکس بحث مباحثے ہو رہے ہیں۔ تحریک آزادی کشمیر میں حصہ لینے والوں کو نان سٹیٹ ایکٹر قرار دے کر ان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کیاجارہا ہے۔ ایسے لوگ بھارت و امریکہ کے ایجنڈے پورے کررہے ہیں۔

سپریم کورٹ بار کے سیکریٹری اسد منظور بٹ نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ملک کو ایسے حکمران ملے جنھوں نے نظریہ پاکستان کو دھندلانے کی کوشش کی۔

لاہور ہائیکورٹ بار کے سیکریٹری انس غازی نے کہاکہ کشمیریوں کی تحریک میں وکلا شانہ بشانہ ہیںاوراگرانٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں بھی جاناپڑاتو جائیں گے۔ لاہور بار کے صدر ارشد جہانگیر جھوجھہ، لاہور ٹیکس بارکے صدر فرحان شہزاد، سپریم کورٹ بار کے ایگزیکٹو ممبر قیصر امین اور دیگر رہنماؤں نے کہاکہ وکلا کشمیرکاز میں جماعت الدعوۃ کے ساتھ ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔