عمران خان کی اناپرستی اور غلط سیاست نے حکومت کو مضبوط کیا، خورشید شاہ

ویب ڈیسک  اتوار 23 اکتوبر 2016

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

سکھر: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان نے انا پرستی اور غلط سیاست سے حکومت کو مضبوط کیا اس وقت وزیراعظم نوازشریف کے سب بڑے خیر خواہ چئیرمین تحریک انصاف ہی ہیں۔

سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ملک میں بےروزگاری نے تباہی مچا رکھی ہے اور حکومت کی جانب سے غریبوں کی مدد کی ڈگڈگی بجائی جارہی ہے، عوام کو مجبوراً کہتا ہوں کہ بریانی اور حلیم بیچو کیونکہ یہ حکومت روزگار نہیں دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم آگے جانے کے بجائے پیچھے جا رہے ہیں، پہلے کوئی خوف نہیں تھا لیکن اب ملکی حالات دیکھ کر خوف آتا ہے، ایسی صورتحال میں ہم حکومت کو کندھا دینے کے لئے تیار نہیں ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: تحریک انصاف کے دھرنے سے نمٹنے کیلیے حکومت کا اپوزیشن سے رابطہ

خورشید شاہ نے بتایا کہ 2 روز قبل وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا اور یہ پیغام خواجہ سعد رفیق نے پہنچایا تھا، سیاست میں بات چیت سے انکار جمہوریت کی نفی ہو گی لیکن ہم نے حکومت پر واضح کر دیا ہے کہ وہ چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زردای کے دیئے گئے 4 نکات پر کرنا چاہتی ہے تو ہم بھی تیار ہیں اور اگر نکات نہ مانے گئے تو پھر ہم بھی ایک لانگ مارچ کریں گے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہماری جماعت ڈبل گیم نہیں کھیلتی لیکن عمران خان نے اچھی گیم کھیلی ہے اور وہ اس گیم میں گرفتار بھی ہوسکتے ہیں، پھر کہیں گے کہ ہم جیت گئے اور اگر 2 نومبر کا احتجاج فلاپ ہو گیا تو پھر جواب کون دے گا؟ عمران خان کی انا پرستی اور غلط سیاست نے حکومت کو مضبوط کر دیا ہے، اس وقت عمران خان ہی نوازشریف کے سب سے بڑے ہمدرد اور خیر خواہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اندرونی و بیرونی معاملات پر بات چیت ہی مسئلے کا حل ہے، دھرنوں کے علاوہ بہت سے راستے ہیں اور پارلیمنٹ بھی موجود ہے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد بند کرنا کسی کے حق میں نہیں راستے بند کرنا اور زبردستی اپنی بات منوانا مناسب نہیں، ہم نے کبھی تشدد کی سیاست کی اور نہ ایسا احتجاج کیا جس سے عوام کو مشکلات پیش آئی ہوں کیوں کہ سیاستدانوں کا کام تکلیف دینا نہیں بلکہ ریلیف دینا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔