انتہا پسند عناصر کا ایجنڈا کسی صورت مسلط نہیں ہونے دیں گے، وزیراعلیٰ سندھ

ویب ڈیسک  اتوار 23 اکتوبر 2016
ترقی پسند ایجنڈے کو کسی بھی قیمت پر یرغمال نہیں ہونے دیں، مراد علی شاہ : فوٹو : فائل

ترقی پسند ایجنڈے کو کسی بھی قیمت پر یرغمال نہیں ہونے دیں، مراد علی شاہ : فوٹو : فائل

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ رقص و موسیقی ہماری ثقافت کا لازمی حصہ ہے اور تعلیمی اداروں میں اس طرح کی سرگرمیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت پاکستان کے آئین کے مطابق ثقافت اور ورثے کے تحفظ کے فروغ پر یقین رکھتی  ہے، رقص اور موسیقی ہمارے معاشرے کا لازمی حصہ ہے اور تعلیمی اداروں میں رقص و موسیقی کی سرگرمیوں کی حمایت جاری رکھیں گے، انتہا پسند عناصر کا ایجنڈا مسلط نہیں ہونے دیں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: درس گاہوں سے رقص گاہوں تک

تعلیمی اداروں میں رقص پر پابندی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ متعلقہ وزیر نے تعلیمی اداروں میں رقص و موسیقی کی سرگرمیوں پر پابندی کی توثیق کے نوٹیفکیشن کی دو ٹوک الفاظ میں تردید کی ہے، اسکولوں میں رقص پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے والے ذمہ داروں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے دادو کے سول اسپتال کے دروازے پر مریضوں کی موجودگی کا بھی نوٹس لیتے ہوئے وزیرصحت کو انکوائری کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں مفت طبی امداد مہیا کرنا ہمارا فرض ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔