جماعت اسلامی کا ’اسٹیٹس کو‘ کے خلاف علم بغاوت بلند کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک  اتوار 23 اکتوبر 2016
انگریزوں سے مفادات حاصل کرنے والا ٹولہ قوم کا خون چوس رہا ہے، امیر جماعت اسلامی۔ فوٹو: جماعت اسلامی

انگریزوں سے مفادات حاصل کرنے والا ٹولہ قوم کا خون چوس رہا ہے، امیر جماعت اسلامی۔ فوٹو: جماعت اسلامی

نوشہرہ: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ’اسٹیٹس کو‘ کے خلاف بغاوت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اشرافیہ کا ٹولہ انصاف کی راہ میں رکاوٹ ہے جب کہ ہمارا عدالتی نظام ناکام ہو چکا ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا نوشہرہ کے علاقے اضا خیل میں جماعت اسلامی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک کی موجودہ خارجہ پالیسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور انگریزوں سے مفادات حاصل کرنے والا ٹولہ قوم کا خون چوس رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  اشرافیہ کا ٹولہ انصاف کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے جب کہ ملک کاعدالتی نظام ناکام ہو چکا ہے، ہمارا عدالتی نظام نظریہ ضرورت کے تحت قائم ہے جہاں موت کے بعد انصاف ملتاہے جب کہ جمہوریت کے نام پر عوام سے جھوٹ بولا جاتا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: پاکستان میں سب سے سستی چیز موت ہے، سراج الحق

سراج الحق نے مسلم لیگ (ن) کے پارٹی انتخابات کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کے مد مقابل امیدوار کو کرسی بھی نہیں ملی، یہاں الیکشن میں پیسے کے زور پر سلیکشن ہوتی ہے۔ انہوں نے  سوال کیا کہ ملک بے پناہ وسائل کے باوجود مقروض کیوں ہے، بلوچ عوام غربت کی چکی میں پس رہے ہیں جب کہ پنجاب میں اشرافیہ نے عوام کا جینا محال کر رکھا ہے، سندھ میں ہاری مرضی سے اپنے رشتہ بھی طے نہیں کر سکتے، اس کے علاوہ صحت و تعلیم کے لیے بجٹ نہ ہونے کے برابر ہے، اسپتالوں میں غریبوں کے لیےعلاج کا کوئی انتظام نہیں ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: امریکا کے ساتھ دوستی اس کی دشمنی سے زیادہ خطرناک ہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہماری جنگ نظریہ پاکستان کے مخالفین کے ساتھ ہے، عوام اپنے ووٹ کی طاقت اشرافیہ کے خلاف استعمال کریں۔ انہوں نے اسٹیٹس کو کے خلاف علم بغاوت بلند کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی نظام کے لیے بندوق نہیں ووٹ کی طاقت چاہیئے اور ہم اس نظام کو ختم کر کے پاکستان میں حقیقی اسلامی فلاحی نظام رائج کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔