ماہرہ خان فلم ’’رئیس‘‘ کی شوٹنگ خفیہ مقام پر کرائیں گی

ویب ڈیسک  اتوار 23 اکتوبر 2016
ماہرہ خان اپنی فلم ’’رئیس‘‘ کی شوٹنگ ابو ظہبی میں مکمل کریں گی. فوٹو: فائل

ماہرہ خان اپنی فلم ’’رئیس‘‘ کی شوٹنگ ابو ظہبی میں مکمل کریں گی. فوٹو: فائل

ممبئی: بھارت میں پاکستانی فنکاروں کو دھمکیوں کے باعث پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اپنی فلم ’’رئیس‘‘ کی شوٹنگ خفیہ مقام پر مکمل کریں گی۔

گزشتہ دنوں ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کو دھمکیوں کے بعد کئی فلموں کی شوٹنگ روک دی گئی ہے جس میں شاہ رخ خان کی فلم ’’رئیس‘‘ اور سری دیوی کی فلم ’’موم‘‘ شامل ہیں جب کہ فلم رئیس کے لیے اداکارہ ماہرہ خان نے گانے کی شوٹنگ مکمل کرانی ہے جسے اب خفیہ مقام پر عکس بند کیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’’رئیس‘‘ میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو کاسٹ سے علیحدہ نہیں کیا گیا اور ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے بعد فلم کے گانے کی شوٹنگ خفیہ مقام پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے بعد اب فلم کی شوٹنگ ابوظہبی میں کی جائے گی۔ فلم کی شوٹنگ مکمل کرانے کے لیے اداکارہ ماہرہ خان اور شاہ رخ خان جلد ہی ابوظہبی پہنچیں گے جہاں فلم کے سیٹ کو تیار کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان اور ماہرہ خان کی فلم ’’رئیس‘‘ اگلے برس 26 جنوری کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔