رشی کپور نے پاکستانی فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا

ویب ڈیسک  پير 24 اکتوبر 2016
پاکستانی اداکاروں نے بھارتی حکومت سے اجازت لے کر فلموں میں  کام کیا تھا لیکن اب حالات بدل چکے ہیں، رشی کپور۔ (فوٹو: فائل)

پاکستانی اداکاروں نے بھارتی حکومت سے اجازت لے کر فلموں میں کام کیا تھا لیکن اب حالات بدل چکے ہیں، رشی کپور۔ (فوٹو: فائل)

ممبئی: بھارتی اداکار رشی کپور نے کہا ہے کہ انہیں ایک پاکستانی فلم میں کام کی پیشکش ہوئی تھی لیکن انہوں نے انکار کردیا۔

بھارتی اخبار کو دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران جب رشی کپور سےبھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ پاکستانی اداکاروں کے پاس بھارتی فلموں میں کام کرنے کےلئے باقاعدہ سرکاری اجازت نامے موجود تھے لیکن اب حالات بدل چکے ہیں۔ پاکستانی اداکاروں نے اُڑی حملے کی مذمت کرنے سے انکار کردیا جو انہیں بہت بُرا لگا۔ البتہ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مسئلہ بھی جلد ہی حل ہوجائے گا۔ ’’ہمیں کسی غلط یا ناپسندیدہ چیز میں نہیں پڑنا چاہئے اور نہ اسے بڑھاوا دینا چاہئے؛ یہ دونوں ملکوں کےلئے خطرناک ہے،‘‘ انہوں نے کہا۔ پاکستانی اداکاروں پر بھارتی فلموں میں کام کرنے کی سرکاری پابندی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے رشی کپور کا کہنا تھا وہ اس معاملے کی نزاکت کو سمجھتے ہیں لیکن جو فلمیں پہلے بن چکی ہیں اُن پر پابندی لگانا درست نہیں کیونکہ ان پر بہت پیسہ لگ چکا ہے۔

’’مجھے پاکستانی فلم کی پیشکش ہوئی تھی لیکن میں اس میں کام نہیں کروں گا۔ میرا ملک اسے پسند نہیں کرے گا اور مجھے ہندوستانی ہونے پر فخر ہے۔ اگر پاکستان ایک دہشت گرد ریاست ہے تو میں کسی بھی قیمت پر اس کا حصہ نہیں بننا چاہوں گا،‘‘ رشی کپور نے واضح کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔