سرتاج عزیز نے افغان طالبان کے وفد کی اسلام آباد آمد کی تصدیق کردی

ویب ڈیسک  پير 24 اکتوبر 2016
پاکستان بھارت میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کرے گا، مشیر خارجہ، فوٹو؛ فائل

پاکستان بھارت میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کرے گا، مشیر خارجہ، فوٹو؛ فائل

 اسلام آباد: مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے افغان طالبان کے وفد کی اسلام آباد آمد کی تصدیق کردی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بتایا کہ افغان طالبان کا وفد پاکستان آیا ہے تاہم ان کے دورے کے دوران ہونے والی بات چیت سے متعلق نہیں بتا سکتا لہٰذا افغانستان میں قیام امن کے لیے ہماری کوششیں جاری ہیں اور اس حوالے سے طالبان کی ایک ملاقات قطر میں بھی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کرے گا جو دسمبر کے پہلے ہفتے میں امرتسر میں ہوگی۔

مقبوضہ کشمیر سے متعلق سرتاج عزیز نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان نے 8 جولائی سے بہت مؤثر مہم چلائی ہے، تاشقند میں بھی 56 ممالک نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر سے متعلق بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے، سیکیورٹی اور انسانی حقوق اقوام متحدہ کے اہم ستون ہیں اور اقوام متحدہ اور یورپی یونین کا ہمیشہ سے اہم کردار رہا ہے جب کہ ہم نے کشمیر سے متعلق اہم عالمی فورمز پر خطوط لکھے ہیں۔ سرتاج عزیز نے لائن آف کنٹرول پر اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کے دورے کا بھی مطالبہ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔