سائیکل کوچوری سے بچانے کیلیے بدبودارگیس چھوڑنے والا لاک

ویب ڈیسک  بدھ 26 اکتوبر 2016
لاک کو غلط انداز سے کھولنے پر یہ انتہائی بدبودار گیس خارج کرتا ہے جس سے قے آجاتی ہے۔ فوٹو؛ فائل

لاک کو غلط انداز سے کھولنے پر یہ انتہائی بدبودار گیس خارج کرتا ہے جس سے قے آجاتی ہے۔ فوٹو؛ فائل

سان فرانسسکو: سان فرانسسکو کے ایک موجد نے اپنی بائسیکل کو چوروں سے بچانے کے لیے ایک انوکھا تالہ بنایا ہے جسےغلط انداز سے کھولنے پا انتہائی ناگوار بو والی گیس خارج ہوتی ہے جس سے اسے قے آسکتی ہے۔

اسے اسکنک لاک کا نام دیا گیا ہے۔ یہ دنیا کا واحد بائیک لاک ہے جو چور کو اپنا ردِ عمل دکھا کرایک ایسی بو خارج کرتا ہے جس سے الٹیاں آجاتی ہیں جب کہ اس پر 2 مضبوط لاک بھی لگے ہوئے ہیں۔ یہ لاک ڈینیئل ازووسکی نے بنایا ہے جن کے ایک دوست کی سائیکل ایک اسٹور کے باہر سے چوری ہوگئی تھی۔

ڈینییئل نے یہ لاک U کی شکل میں کاربن اسٹیل سے تیار کیا ہے جس کے لیے انٹرنیٹ پر کراؤڈ فنڈنگ کی جارہی ہے۔ کوئی اسے کاٹنے یا غلط انداز سے کھولنے کی کوشش کرے گا تو لاک سے انتہائی بدبودار گیس خارج ہوگی جسے سونگھنے والے اکثر چور الٹیاں کرتے نظر آئیں گے۔ اس کے علاوہ چور کو سانس لینے میں بھی دقت کا سامنا ہوسکتا ہے۔

ڈینیئل نے یہ کیمیکل بہت سےلوگوں پر آزمایا ہے اور سب نے اسے ناقابلِ برداشت قرار دیا ہے۔ گیس 2 فٹ کی دوری سے بھی ناقابلِ برداشت ہے اور 99 فیصد لوگوں نے اس پر الٹی کردی۔ یہاں تک کے10 فٹ کی دوری سے بھی اس کی شدت محسوس کی جاسکتی ہے۔ اس لاک کی قیمت 10 ہزار روپے ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔