یواے ای میں یونس سب سے کامیاب بیٹسمین بن گئے

اسپورٹس ڈیسک  منگل 25 اکتوبر 2016
42سالہ پاکستانی کپتان اس وقت انٹرنیشنل مقابلوں میں سرگرم معمر ترین ٹیسٹ کرکٹر وٹو: فائل

42سالہ پاکستانی کپتان اس وقت انٹرنیشنل مقابلوں میں سرگرم معمر ترین ٹیسٹ کرکٹر وٹو: فائل

ابو ظبی:  یونس خان یواے ای میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بیٹسمین بن گئے، وہ اب تک 56.58 کی اوسط سے2433 رنز جوڑ چکے ہیں، اس میں 11 سنچریاں بھی شامل ہیں۔

مصباح الحق 2152 رنزکے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے، کپتان اس وقت انٹرنیشنل مقابلوں میں سرگرم معمر ترین ٹیسٹ کرکٹر بھی ہیں۔تفصیلات کے مطابق ابوظبی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سنچری بنانے کے بعد دوسری میں29پر ناقابل شکست رہنے والے یونس خان یواے ای میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بیٹسمین ہیں، انھوں نے اب تک56.58 کی اوسط سے 2433 رنز جوڑے، اس میں11 سنچریاں بھی شامل ہیں۔

مصباح الحق 61.48 کی ایوریج کے ساتھ 2152 رنز بناکر دوسرے نمبر پر رہے،انھوں نے6 تھری فیگر اننگز سجائیں، اظہر علی نے 58.65کی اوسط سے 6سنچریوں سمیت 1877 رنز اپنے نام کے آگے درج کرائے،محمد حفیظ 1477 اور اسد شفیق1458 رنز بناچکے ہیں،دونوں کی ایوریج 50 سے زیادہ اوراس میں3،3 تھری فیگر اننگز بھی شامل ہیں۔

مصباح الحق اس وقت انٹرنیشنل مقابلوں میں سرگرم معمر ترین ٹیسٹ کرکٹر ہیں،ان کی عمر42سال 150دن ہے، 39 سالہ انگلش کھلاڑی گیراتھ بیٹی اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں، یونس خان اور سری لنکن رنگانا ہیراتھ 38,38سال کے ہیں،ذوالفقار بابر،پاکستانی نژاد پروٹیز عمران طاہر اور آسٹریلوی ایڈم ووجز 37,37 سال کے ہیں، محمد حفیظ، نیوزی لینڈ کے جیتن پٹیل اور بھارتی ہربھجن سنگھ زندگی کی 36,36 بہاریں دیکھ چکے۔ویسٹ انڈین ٹیم نے تاریخ میں صرف 5بار ٹیسٹ کرکٹ میں 300  کا ہدف حاصل کرکے کامیابی پائی ہے، کیریبیئنز آخری بار 2003 میں کینگروز کیخلاف اینٹیگا میں کھیلے جانے والے میچ میں یہ سنگ میل عبور کرکے سرخرو ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔