بھارت میں دو پاکستانی خواتین پراسرار طور پر لاپتا

ویب ڈیسک  منگل 25 اکتوبر 2016
بھارتی شہر احمدآباد میں دو بھارتی بھائیوں سے شادی کرنے والی عائشہ اور نویرا اپنے بچوں سمیت لاپتا ہیں۔  فوٹو؛ فائل

بھارتی شہر احمدآباد میں دو بھارتی بھائیوں سے شادی کرنے والی عائشہ اور نویرا اپنے بچوں سمیت لاپتا ہیں۔ فوٹو؛ فائل

احمد آباد: بھارت میں دو سگے بھائیوں سے شادی کرنے والی دو پاکستانی خواتین اپنے بچوں سمیت کئی روز سے پراسرار طور پر لاپتا ہیں جن کا پولیس بھی کوئی سراغ نہیں لگا پائی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دو پاکستانی خواتین عائشہ بی بی اور نویرا بی بی نے 2 بھارتی مسلمان بھائیوں عارف میمن اور محمد صہیب سے شادی کی تھی اور دونوں خواتین پالڈی کے علاقے میں رہائش پذیر تھیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ دو پاکستانی خواتین جو اپنے شوہروں کے ساتھ پالڈی میں رہائش پذیر تھیں، دونوں خواتین شام کو گھر سے نکلی تھیں اور انہوں نے اپنے دو بچوں کے ساتھ 23 اکتوبر کو گھر چھوڑا تھا جب کہ وہ اب تک واپس نہیں لوٹیں۔

پولیس کے مطابق خواتین اپنے ساتھ پاسپورٹ اور شادی کی دستاویزات بھی لے گئی ہیں۔ سی سی ٹی وی کی ایک فوٹیج میں خواتین کو اپنے بچوں اور سامان کے ساتھ جاتے دیکھا جاسکتا ہے لیکن اب تک یہ وجہ سامنے نہیں آئی ہیں کہ خواتین نے گھر کیوں چھوڑا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ عائشہ چار سال قبل اور نویرا دو سال قبل بھارت آئی تھی جب کہ وہ پولیس کی اجازت کے بغیر پاکستان واپس بھی نہیں جاسکتیں کیونکہ پولیس کی اجازت کے بعد ہی انہیں ویزہ جاری کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔