مصباح کیلیے سب سے کامیاب ایشین کپتان کا اعزاز

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 26 اکتوبر 2016
یاسر18میچز میں زیادہ وکٹیں لینے کے ریکارڈ میں لومین اوربیرنزکے شراکت دار۔ فوٹو: فائل

یاسر18میچز میں زیادہ وکٹیں لینے کے ریکارڈ میں لومین اوربیرنزکے شراکت دار۔ فوٹو: فائل

ابوظبی: مصباح الحق نے ایشیا کے سب سے کامیاب کپتان کا اعزاز پالیا،، سینئر بیٹسمین نے 10 سیریز اپنے نام کرتے ہوئے ساروگنگولی اور دھونی کو پیچھے چھوڑ دیا، یاسر شاہ18میچز میں زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کے ریکارڈ میں جارج لومین اور سڈنی بیرنز کے شراکت دار بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز سے ابوظبی ٹیسٹ میں فتح حاصل کرتے ہوئے مصباح الحق نے سب سے کامیاب ایشین کپتان کا اعزاز پا لیا، سینئر بیٹسمین 10ویں سیریز جیت کر ساروگنگولی اور مہندرا دھونی سے آگے نکل آئے، دونوں نے 9،9 سیریز اپنے نام کی تھیں، میانداد کی قیادت میں پاکستان نے 8سیریز جیتیں، یاسر شاہ 18میچز میں زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کے ریکارڈ میں جارج لومین اور سڈنی بیرنز کے شراکت دار بن گئے، لیگ اسپنر کے 112 شکار مکمل ہوگئے ہیں۔

یاسر شاہ نے سعید اجمل کے بعد یو اے ای میں وکٹوں کی ففٹی کا سنگ میل عبور کرنیوالے دوسرے بولر کے طورپر بھی اپنا نام درج کرالیا،یاسر شاہ ایک سال میں 2 بار ٹیسٹ میں 10 وکٹیں اڑانے والے پاکستان کے 7 ویں بولر ہیں، عبدالقادر نے 1987میں یہ کارنامہ 3مرتبہ سرانجام دے کر منفرد ریکارڈ میں ٹاپ پر جگہ برقرار رکھی، ابوظبی پاکستان کی سب سے پسندیدہ شکارگاہ بن گیا، یہاں ناقابل شکست گرین کیپس نے 5ٹیسٹ جیتے ہیں، ٹیم کوکسی اور وینیو پر اتنی زیادہ فتوحات حاصل نہیں ہوئیں۔

دبئی میں پاکستان کا ریکارڈ 6-2 اور شارجہ میں 4-3 ہے۔ ویسٹ انڈین ٹیم یواے ای میں چوتھی اننگز کا دوسرا بڑا مجموعہ 322 حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ،اس سے قبل پاکستان نے 2010میں جنوبی افریقہ کیخلاف 3وکٹ پر 343 رنز بنائے تھے، کیریبیئنز کا گرین کیپس کیخلاف یہ چوتھی اننگز کا سب سے بڑا ٹوٹل بھی ہے،اس نے1957میں 2 وکٹ پر 317رنز بنائے تھے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔