عمران خان کے ہاتھ میں وزیراعظم کی لکیر نہیں ہے، منظور وسان

ویب ڈیسک  بدھ 26 اکتوبر 2016
ایم کیوایم لندن کتنا بھی زور مارلے ان کا کوئی مستقبل نہیں، مستقبل صرف ایم کیوایم پاکستان کا ہے، منظور وسان فوٹو: فائل

ایم کیوایم لندن کتنا بھی زور مارلے ان کا کوئی مستقبل نہیں، مستقبل صرف ایم کیوایم پاکستان کا ہے، منظور وسان فوٹو: فائل

 کراچی: وزیر صنعت سندھ منظور وسان کہتے ہیں کہ آئندہ انتخابات 2018 میں ہوں گے اور مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کو مینڈیٹ ملے گا لیکن عمران خان کے ہاتھ میں وزیراعظم کی لکیر نہیں ہے۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ ملک میں حکومتیں اکتوبر اور نومبر میں گرتی ہیں لیکن اس بار جمہوریت کو خطرات نہیں ہیں،نومبر کے مہینے میں سیاسی اور غیر سیاسی اہم عہدوں پر تبدلیاں ہوں گی، آئندہ انتخابات 2018 میں ہوں گے اوراس میں مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کو مینڈیٹ ملے گا لیکن عمران خان کے ہاتھ میں وزیراعظم کی لکیر نہیں ہے۔ ایم کیوایم لندن کتنا بھی زور مارلے ان کا کوئی مستقبل نہیں، مستقبل صرف ایم کیوایم پاکستان کا ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ طاہرالقادری اسلام آباد میں تحریک انصاف کے دھرنے میں شرکت کریں گے اور اس کا مقصد بڑی گڑبڑ ہے، ان کا اسلام آباد دھرنے میں شامل ہونا کسی اشارے کا نتیجہ ہے۔ سانحہ کارساز کی تحقیقات سے متعلق انہوں نے کہا کہ سانحہ کارساز کی تحقیقات میں اس وقت کے وزیراعلی اور میئر کراچی کو شامل تفتیش کیا جائے کیونکہ دونوں اہم شخصیات کو شاملِ تفتیش کئے بغیر تحقیقات شفاف ہونا ممکن نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔