نیوزی لینڈ نے بھارت کو چوتھے ون ڈے میں شکست دیدی

ویب ڈیسک  جمعرات 27 اکتوبر 2016
نیوزی لینڈ کے 260 رنز کے جواب میں میزبان بھارت کی پوری ٹیم 241 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ فوٹو: اے ایف پی

نیوزی لینڈ کے 260 رنز کے جواب میں میزبان بھارت کی پوری ٹیم 241 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ فوٹو: اے ایف پی

نئی دلی: نیوزی لینڈ نے بھارت کو چوتھے ایک روزہ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 19 رنز سے شکست دے کر 5 میچز پر مشتمل سیریز 2-2 سے برابر کردی۔

رانچی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنائے جس کے جواب میں میزبان بھارت کی پوری ٹیم 48.4 اوورز میں 241 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

ہدف کے تعاقب میں بھارت کو پہلا نقصان 19 کے مجموعی اسکور پر روہت شرما کی صورت میں ہوا جو صرف 11 رنز بنا سکے جس کے بعد ویرات کوہلی اور اجنکایا ریہانے نے دوسری وکٹ پر 79 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعہ 98 تک پہنچا تو کوہلی 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کے بولروں کے سامنے مزاحمت کرنے والے ریہانے نے 45، ایکزر پٹیل 39 اور کپتانی دھونی نے 11 رنز بنائے۔

میچ اس وقت دلچسپ صورتحال اختیار کرگیا جب کہ دھاول کلکرنی مہمان بولروں کے سامنے ڈٹ گئے اور آخری وکٹ پر 34 رنز کی شراکت قائم کی لیکن 241 کے مجموعی اسکور پر ان کے آخری ساتھی اومیش یادیو 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 3، ٹرینٹ بولٹ اور جیمز نیشم نے 2،2 جب کہ مچل سینٹنر اور ایش سودھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل 72، کپتان کین ولیمسن 41 ، ٹام لیتھم 39 اور روس ٹیلر 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں بی جے ویٹلنگ 14، انٹن ڈیوچ 11 اور جیمز نیشم 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر مارٹن گپٹل کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔