اب پاکستان ایجلیٹی کیخلاف عالمی عدالت میں جائے گا

ارشاد انصاری  جمعرات 27 اکتوبر 2016
75ہزار پاؤنڈ خرچ ہوئے،فرم سے ہرجانے کی صورت لیے جائیں گے، مقدمے کی تیاریاں جاری۔ فوٹو: فائل

75ہزار پاؤنڈ خرچ ہوئے،فرم سے ہرجانے کی صورت لیے جائیں گے، مقدمے کی تیاریاں جاری۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آٹومیشن کا سافٹ ویئر فراہم کرنے والی کویتی کمپنی ایجلیٹی پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف بین الاقوامی عدالت میں ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ایجلیٹی پرائیویٹ لمیٹڈ نے پاکستان کے خلاف بین الاقوامی عدالت میں 60 کروڑ ڈالر کا دعوٰی دائر کیا تھا اور یہ کیس پاکستان نے جیت لیا اور ایجلیٹی انٹرنیشنل نے پاکستان کے خلاف دائر کردہ اپنا کیس واپس لے لیا تھا۔

ذرائع کے مطابق اب پاکستان نے مذکورہ کمپنی سے اس کیس میں ہونے والے اخراجات کی مد میں ریکوری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے بین الاقوامی عدالت میں مذکورہ کمپنی کے خلاف ہرجانے کا دعوٰی دائر کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ کمپنی کی جانب سے پاکستان کے خلاف دائر کیے جانے والے کیس میں پاکستان نے فنانشل سروسز فراہم کرنے والی برطانوی کمپنی میسرز مزارز ایل ایل پی یو کے کو 75 ہزار پاؤنڈ فراہم کیے تھے اور یہ ادائیگی پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ(پرال) نے مذکورہ برطانوی کمپنی کو ادائیگی کے لیے اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک ایف سیون برانچ اسلام آباد کے منیجر تنویر اقبال کے ذریعے کی تھی۔

پرال کی جانب سے 30 جولائی 2015 کو لکھے جانیوالے خط میں کہا گیا تھا کہ کویتی کمپنی ایجلیٹی پرائیویٹ لمیٹڈ کی طرف سے حکومت پاکستان کے خلاف سرمایہ کاری تنازعات کے حل کے لیے قائم بین الاقوامی ثالثی سینٹر (آئی سی ایس آئی ڈی) میں 60کروڑ ڈالر کا دعوٰی دائر کیا ہے۔

ٹربیونل میں حکومت کے دفاع کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 10فروری 2014 کو قانونی سروسز کے حصول کا معاہدہ کیا اور اسی تناظر میں 13 جولائی 2015 کو ان کے مقامی قونصل میسرز صمدانی اینڈ قریشی نامی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا اور اس ترمیمی معاہدے کی وفاقی وزیر خزانہ نے بھی منظوری دی تھی جس میں طے پایا کہ کمپنی کوکیس میں لیگل قونصل اور دیگرماہرین کی خدمات کی مد میں اخراجات کے لیے ابتدائی طور پر فنڈز کا انتظام بریج فنانسنگ کے ذریعے پرال سے کیا جائیگا تاہم بعد میںایف بی آر کے لیے سپلمنٹری گرانٹ کی منظوری حاصل کرکے یہ فنڈز پرال کو واپس کردیے جائیں گے۔

لیٹر میں کہا گیا تھا کہ معاہدے کے مطابق ایجلیٹی کی جانب سے حکومت پاکستان کے خلاف دائر دعوے کی ایویلیوایشن کیلیے برطانوی کمپنی میسرز مزارز ایل ایل پی یو کے کو اضافی کام کے لیے یکمشت 75 ہزار پاؤنڈ فراہم کرنا طے پایا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کیس کا فیصلہ پاکستان کے حق میں ہوا اس لیے اب پاکستان کے خلاف دعوٰی دائر کرنے والی کمپنی ایجلیٹی سے کیس پر ہونے والے اخراجات کی ریکوری کیلیے عالمی عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی تیاری کی جا رہی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔