آئی ٹی پارک، کورین ٹیم فزیبلٹی کیلیے پاکستان پہنچ گئی

خصوصی رپورٹر  جمعرات 27 اکتوبر 2016
جلد تعمیرشروع کی جائے،لاہور کراچی میں بھی آئی ٹی پارک بنائیں گے، وزیر مملکت آئی ٹی۔ فوٹو : اے پی پی/فائل

جلد تعمیرشروع کی جائے،لاہور کراچی میں بھی آئی ٹی پارک بنائیں گے، وزیر مملکت آئی ٹی۔ فوٹو : اے پی پی/فائل

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے طرح جلد لاہور اور کراچی میں بھی آئی ٹی پارکس تعمیر کیے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورین ایگزم بینک کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر وفاقی سیکریٹری آئی ٹی رضوان بشیر خان، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سینئر افسران اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے عہدیداران بھی موجود تھے۔

کورین ایگزیم بینک کی طرف سے پاکستان میں پہلے آئی ٹی پارک کے قیام کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی کے لیے آنے والی ٹیم نے وزیرمملکت آئی ٹی سے ملاقات میں آئی ٹی پارکس کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر انوشہ رحمن نے آئی ٹی پارک کی جلد تعمیر شروع کرنے پر زور دیا جبکہ ملاقات میں مطالعاتی تجزیے کے نتیجے میں مرتب کیے گئے کنسٹرکشن پلان، بلڈنگ ماڈل اور آئی ٹی پارک سے متعلقہ دیگر تکنیکی پہلوؤں پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیر مملکت نے کہا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کا وژن ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کو بہترین انفرااسٹرکچرمہیا کیا جائے تاکہ پاکستان میں موجود بہترین آئی ٹی ٹیلنٹ کو بروئے کار لاتے ہوئے ان کی صلاحیتوں سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کیا جا سکے۔

ٹیکنالوجی پارک کے قیام سے پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کو نہ صرف مناسب جگہ دستیاب ہوگی بلکہ انہیں بینڈوتھ، بیک اپ پاور اور دیگر تمام سہولتیں ایک ہی چھت کے نیچے مہیا ہوسکیں گی جس سے ایکو سسٹم تشکیل پائے گا، اسلام آباد کا آئی ٹی پارک اس سلسلے کی پہلی کڑی ہے، اسی طرح کے مزید آئی ٹی پارکس جلد لاہور اور کراچی میں بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

انوشہ رحمن نے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری کو ساز گار ماحول مہیا کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے لیے آئی ٹی پارک کا قیام ازحد ناگزیر ہے، اس آئی ٹی پارک کے قیام سے آئی ٹی کمپنیوں کو بہترین وسائل کی دستیابی کے ساتھ اپنی استعداد کار میں اضافے کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کورین ایگزم بینک کے وفد پر زور دیا کہ وہ اس آئی ٹی پارک کی تعمیر کے لیے اپنی کوششوں میں مزید تیزی لائیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔