پی ٹی آئی کا دھرنا دفعہ 144 اورعدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے، ڈی سی اسلام آباد

ویب ڈیسک  جمعـء 28 اکتوبر 2016
انتظامیہ کسی صورت بھی شہریوں کےحقوق سلب کرنے کی اجازت نہیں دی گی، ڈی سی اسلام آباد۔ فوٹو: فائل

انتظامیہ کسی صورت بھی شہریوں کےحقوق سلب کرنے کی اجازت نہیں دی گی، ڈی سی اسلام آباد۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں دھرنا اور شہر بند کرنا دفعہ 144 اور عدالتی حکم کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد مشتاق احمد کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ آپ اسلام آباد بند کرنے جارہے ہیں جب کہ ہائی کورٹ نے اسلام آباد بند کرنے کے اعلان پر واضح احکامات جاری کررکھے ہیں اور وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 بھی نافذ ہے، اگر پی ٹی آئی کی جانب سے شہر کو بند کرنے کی کوشش کی گئی تو یہ عدالتی حکم اور دفعہ 144 کی کھلی خلاف ورزی ہوگی، شہر بند کرنے سے امن و امان کی صورتحال خراب ہوجائے گی  اس لئے وفاقی دارالحکومت میں قانون کی خلاف ورزی اور امن میں خلل کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: تحریک انصاف کے رہنماؤں کوبنی گالہ جانے سے روک دیا گیا

خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ سی ڈی اے کی جانب سے جلسہ کرنے کے لئے پہلے سے ہی ایک جگہ مختص ہے، شہر کو بند کرنے سے عوام کی آزادانہ آمد ورفت متاثر ہوگی اور یہ شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، شہریوں کے جان مال کا تحفظ نا صرف انتظامیہ بلکہ سیاسی جماعتوں کی بھی ذمہ داری ہے، انتظامیہ کسی صورت  شہریوں کے حقوق سلب کرنے اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے گی۔ عمران خان کو ارسال کئے گئے خط کے ساتھ ہائی کورٹ کے فیصلے کی کاپی بھی منسلک کی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔