بھارتی تاجر کا دیوالی کے موقع پر ملازمین کو گھروں اور گاڑیوں کا تحفہ

ویب ڈیسک  جمعـء 28 اکتوبر 2016
جن کے پاس ذاتی گھر نہیں ہے انہیں کمپنی کی ہاؤسنگ اسکیم میں فلیٹ دیا جائے گا،فوٹو:فائل

جن کے پاس ذاتی گھر نہیں ہے انہیں کمپنی کی ہاؤسنگ اسکیم میں فلیٹ دیا جائے گا،فوٹو:فائل

سورت: دنیا بھر میں تجارتی ادارے پیسہ بچانے کی خاطر ملازمین کے فنڈ سے مختلف بہانوں سے کٹوتی کرتے رہتے ہیں تاہم بھارتی ریاست گجرات  میں ہیروں کے ایک معروف تاجر نے دیوالی کے موقع پر اپنے ملازمین کو کاریں اور مکان تحفے میں دے کر دریا دلی کی ایک مثال قائم کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گجرات کے شہر سورت میں ہیروں کے کاروبار سے وابستہ معروف تاجر ساوجی ڈھولکیا نے دیوالی کے موقع پر بہتر کارکردگی دکھانے والے اپنے ملازمین کے لیئے بیش بہا تحائف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ساوجی ڈھولکیا کا کہنا ہے کہ دیوالی کے تہوار کے موقع پر وہ خوشیوں میں اپنے ملازمین اور کاریگروں کو بھی شریک کرنا چاہتے ہیں جن کی وجہ سے وہ آج اس مقام پر ہیں ،اس لیئے انہوں نے اس سال بہتر کارکردگی دکھانے والے ایک ہزار 7 سو 16 ملازمین کو بونس دینے کے لیئے منتخب کیا ہے ۔

منتخب ہونے والے ان ملازمین کو جن کے پاس گاڑی نہیں ہے انہیں نئی کار دی جائے گی جب کہ جن کے پاس ذاتی گھر نہیں ہے انہیں کمپنی کی ہاؤسنگ اسکیم میں ایک فلیٹ دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ  یہ کوئی پہلا موقع نہیں کہ ساؤجی نے اپنے ملازمین میں اتنے قیمتی تحفے تقسیم کئے بلکہ گزشتہ سال بھی انہوں نے  اپنے ملازمین میں 491 گاڑیاں اور 200 فلیٹ تقسیم کیے تھے، 2015 میں انہوں نے اپنے ملازمین پر تحائف کی مد میں 80 لاکھ امریکی ڈالر خرچ کیئے جب کہ  2012 میں بھی انہوں نے اپنے ملازمین میں 72 کاریں تقسیم کی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔