قابض بھارتی فوج نے حریت رہنما میرواعظ عمر فاروق کو حراست میں لے لیا

ویب ڈیسک  جمعـء 28 اکتوبر 2016
میر واعظ کو نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے جانے کی کوشش میں حراست میں لیا گیا۔ فوٹو؛ فائل

میر واعظ کو نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے جانے کی کوشش میں حراست میں لیا گیا۔ فوٹو؛ فائل

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے نظربندی کو توڑنے کی کوشش پر حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کو حراست میں لے لیا گیا۔

مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 111 دنوں سے کرفیوں نافذ ہونے کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہے جب کہ بھارتی فورسز کی جانب سے حریت رہنماؤں کو نظر بند کیا ہوا ہے اور ان پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حریت کانفرنس کے چیرمین میرواعظ عمر فاروق نے نظر بندی توڑنے کی کوشش کی جس پر انہیں حراست میں لے لیا گیا۔

میر واعظ عمر فاروق سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز کے لیے جارہے تھے جہاں گزشتہ 16 ہفتوں سے قابض بھارتی افواج کی پابندیوں کے باعث نماز جمعہ ادا نہیں کی جاسکی ہے جب کہ نماز کے بعد حریت رہنماؤں نے ریلی کا اعلان بھی کررکھا تھا جس سے خوفزدہ ہوکر قابض فوج نے میر واعظ کو حراست میں لے لیا۔

واضح رہے کہ بھارتی فورسز کے نہتے کشمیریوں پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کے نتیجے میں اب تک درجنوں کشمیری شہید ہوچکے ہیں جب کہ سینکڑوں افراد زخمی ہیں جن میں سے متعدد پیلٹ گن کے استعمال سے نابینا بھی ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔