دھرنا اور احتجاجی گروپ سی پیک کو بند کرانے کے درپے ہے، شہبازشریف

ویب ڈیسک  جمعـء 28 اکتوبر 2016
پاكستان كی ترقی اورخوشحالی كا راستہ روكنے كی سازشیں ملک كے اندر سے كی جارہی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب، فوٹو؛ فائل

پاكستان كی ترقی اورخوشحالی كا راستہ روكنے كی سازشیں ملک كے اندر سے كی جارہی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب، فوٹو؛ فائل

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہےکہ دھرنا گروپ چاہتا ہے كہ ملك و قوم اسی طرح اندھیروں میں بھٹكتے رہیں اسی لیے یہ گروپ سی پیك كو بند كرانے كے درپے ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے كہا كہ اسلام آباد بند كرنے كا اعلان كرنے والے پاكستان كی بدلتی قسمت كھوٹی كرنا چاہتے ہیں اورافسوس كی بات ہے كہ پاكستان كی ترقی اورخوشحالی كا راستہ روكنے كی سازشیں ملک كے اندر سے كی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاناما كیس كی سپریم كورٹ میں سماعت شروع ہونے كے بعد اسلام آباد بند كرنے كا كوئی جواز نہیں، جھوٹ، الزام تراشی اور دروغ گوئی كی سیاست كے علمبردار عوام كو گمراہ كرنے كی كوشش كررہے ہیں اورشكست خوردہ عناصرغیر جمہوری، غیر آئینی ،غیر سیاسی اورغیر اخلاقی ہتھكنڈوں پر اتر آئے ہیں، عوام جانتے ہیں كہ دھرنے والے نیازی صاحب، ملك كی ترقی اور خوشحالی كا دھڑن تختہ چاہتے ہیں، پاكستان كے باشعور عوام ان شكست خوردہ عناصر كی منفی سیاست سے بیزار ہوچكے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے كہا كہ ملك كے امن كو تباہ اور وطن عزیز كو عدم استحكام سے دوچار كرنے والوں كی سازش ناكام ہوگی، عوام ان عناصر كی منفی سوچ اورملك كے امن كو خراب كرنے كی سازش سے پوری طرح آگاہ ہوچكے ہیں، سرمایہ كاری اورترقی كے تیزرفتار عمل میں ركاوٹیں كھڑی كرنے والے ملك و قوم كے دشمن ہیں، دھرنے اورانتشار پھیلانے والوں كو پاكستان كی مضبوط ہوتی ہوئی معیشت ہضم نہیں ہورہی۔ انہوں نے كہا كہ عدالتوں كے فیصلے نہ ماننے والے احتجاج اور انتشار كی سیاست كے ذریعے عوام كے مینڈیٹ كی بھی توہین كررہے ہیں۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد بند كرنا درحقیقت پاكستان كے غریب عوام میں خوشحالی كے دروازے بند كرنا ہے، عوام كے مسترد شدہ عناصر دھرنوں كے ذریعے عوام سے اپنی شكست كا بدلہ لینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے كہا كہ شہروں كو بند كرنے سے پاكستان كی معیشت كواربوں روپے كا نقصان ہوتا ہے، اسلام آباد بند كرنا دراصل عوام كامعاشی قتل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیك پاكستان كی ترقی اورخوشحالی كاضامن ہے، چائنہ پاكستان اكنامك كوریڈور پاكستان كے روشن مستقبل كی نوید ہے، سی پیك كے تحت لگنے والے بجلی كے منصوبوں سے اندھیرے دورہوں گے، دھرنے والوں كو یہ كسی صورت گوارہ نہیں، دھرنا گروپ چاہتا ہے كہ ملك و قوم اسی طرح اندھیروں میں بھٹكتے رہیں،  دھرنے اوراحتجاج كرنے والا گروپ سی پیك كو بند كرانے كے درپے ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دھرنا گروپ كے لیڈر نے جھوٹ، الزام تراشی، دروغ گوئی اورگالم گلوچ كے ریكارڈ بنائے ہیں۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی كے عمل كو دھرنوں كے ذریعے نقصان پہنچانے كے عزائم ركھنے والے غریب كے منہ سے نوالہ چھننا چاہتے ہیں، پاكستان كے باشعورعوام ملك كی ترقی كے مخالفین كے منفی عزائم كے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن كر كھڑے ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔