اداکارہ پرتیوشا بینرجی نے جسم فروشی پر مجبور کرنے پر خودکشی کی، بھارتی پولیس

ویب ڈیسک  اتوار 6 نومبر 2016
یکم اپریل کو اداکارہ پرتیوشا بینرجی نے گھر میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی تھی،فوٹو:فائل

یکم اپریل کو اداکارہ پرتیوشا بینرجی نے گھر میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی تھی،فوٹو:فائل

ممبئی: بھارتی ٹی وی ڈرامہ سیریل ’’بالیکا ودھو‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ پرتیوشا بینرجی کی خودکشی کی تحقیقاتی رپورٹ پولیس نے عدالت میں پیش کردی جس میں بتایا گیا ہے کہ اداکارہ نے جسم فروشی پر مجبور کرنے پر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

اداکارہ پرتیوشا بینرجی نے ڈرامہ سیریل ’’بالیکا ودھو‘‘ میں آنندی کا کردار ادا کیا تھا جس سے راتوں رات اداکارہ نے شہرت حاصل کرلی تھی لیکن رواں سال یکم اپریل کو پرتیوشا نے کیرئیر کے عروج پر ہی موت کو خود ہی گلے لگا لیا جب کہ اداکارہ  کے والدین اور قریبی دوستوں نےخودکشی کو قتل قرار دیتے ہوئے بوائے فرینڈ راہول راج کو ذمہ دار ٹھہرایا تاہم اب پولیس کی تحقیقاتی رپورٹس نے سب کو چونکا دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے اداکارہ پرتیوشا بینرجی کی خودکشی سے متعلق تحقیقاتی رپورٹس عدالت میں پیش کردی ہے جس میں اداکارہ کی بوائے فرینڈ سے ہونے والی آخری فون کال کا ریکارڈ پیش کیا گیا جس کے مطابق اداکارہ کو جسم فروشی کے لیے مجبور کیا جارہا تھا جس پر اس نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں:بھارتی ٹی وی اداکارہ پرتیوشا بینرجی نے مبینہ طورپرخودکشی کرلی

پولیس کی تحقیقاتی رپورٹس کے مطابق آخری فون کال میں اداکارہ اپنے بوائے فرینڈ سے اپنے اور والدین کی جان کو خطرے سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہتی ہے کہ مجھے کچھ نہ ہوتے ہوئے بد کردار کہا جارہا ہے اور ساتھ ساتھ مجھے دھمکایا جارہا ہے تاہم میں ممبئی خود کو فروخت کرنے نہیں آئی ہوں بلکہ اداکاری کرنے آئی ہوں۔

واضح رہے کہ یکم اپریل کو اداکارہ پرتیوشا بینرجی نے گھر میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔