ٹرمپ کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ وہ امریکی مفادات کا تحفظ کریں گے، براک اوباما

ویب ڈیسک  پير 21 نومبر 2016
امریکا کی بنیادی اقداراورمقاصد کو خطرات لاحق ہوئے تو بطورامریکی شہری ان پر تنقید کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہوں،امریکی صدر فوٹو: فائل

امریکا کی بنیادی اقداراورمقاصد کو خطرات لاحق ہوئے تو بطورامریکی شہری ان پر تنقید کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہوں،امریکی صدر فوٹو: فائل

لیما: امریکی صدر باراک اوباما کا کہنا ہے کہ اگر امریکا کے اقدار اور مفادات کو کسی بھی قسم کا خطرہ ہوا تو وہ نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

پیرو کے شہر لیما میں  فورم سے خطاب کرتے ہوئے صدر براک اوباما کا کہنا تھا کہ وہ صدارت کے عہدے کا احترام کرنا چاہتے ہیں اور نومنتخب صدر کو یہ موقع دینا چاہتے ہیں کہ وہ بغیر کسی مداخلت کے اپنا پروگرام اور اپنی ٹیم سامنے لائیں تاہم اگر امریکا کی بنیادی اقدار اور مقاصد کو خطرات لاحق ہوئے تو بطور امریکی شہری ان پر تنقید کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہوں۔

صدر اوباما کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کا اسی طرح خوش دلی سے استقبال کریں گے جس طرح جارج بش نے ان کی انتظامیہ کا کیا تھا تاہم اس کے لئے انہیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ وہ امریکی مفادات کا تحفظ کریں گے، اگر انہیں عظیم مقاصد کے دفاع میں بات کرنا پڑی تو ضرور کریں گے۔ اپنی آئندہ کی سیاست کے حوالے سے صدر اوباما کا کہنا تھا کہ 2 ماہ کے بعد اپنی تمام تر توجہ فیملی پر دوں گا اور کچھ لکھنے کے ساتھ کچھ نیا کروں گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔