لیبیا میں بندر کی وجہ سے قبائلی تصادم میں 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی

ویب ڈیسک  منگل 22 نومبر 2016

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

طرابلس: لیبیا میں مخالف قبائل کے شخص نے اپنے حریف قبائل کی لڑکی پر بندر سے حملہ کرادیا جس کے نتیجے میں دو قبائلیوں میں شروع ہونے والے خوفناک تصادم میں اب تک 20 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق لیبیا کے شہر صبا میں ایک قبیلے سے تعلق رکھنے والے شخص نے اپنے مخالف قبیلے کی ایک طالبہ کے اوپر اپنا پالتو بندر چھوڑ دیا جس نے لڑکی کا اسکارف نوچ لیا اور اس کے چہرے پر خراشیں ڈال دیں جس کے بعد اس قبیلے کے افراد نے بندر اور اس کے مالک کو ہی قتل کرڈالا۔ واقعہ کے چار روز تک دونوں قبائلیوں کے درمیان مسلح تصادم ہوا جس میں چھوٹے ہتھیار اور مارٹر توپیں بھی استعمال کی گئیں، اس سے دونوں اطراف کے 20 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوئے، گھمسان کی جنگ میں شہر کے اس حصے میں کرفیو کا گمان ہونے لگا جب کہ ٹینک تک سڑکوں پر نکل آئے۔ خبر ایجنسی کے مطابق اب بھی شہر کے بعض حصوں پر کہیں کہیں جھڑپیں جاری ہیں جب کہ ان علاقوں میں زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔

واضح رہے کہ کرنل قذافی کی ہلاکت کے بعد لیبیا کے طول وعرض میں سیاسی خلا پیدا ہونے کے بعد وہاں مسلح جتھوں اور داعش سمیت کئی دہشت گرد تنظیموں کا راج ہے اور اس وقت ملک میں سیاسی عدم استحکام عروج پر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔