ون ڈے رینکنگ؛ پاکستان کی آٹھویں پوزیشن پرچھائے خدشات کے بادل چھٹ گئے

اسپورٹس ڈیسک  منگل 29 نومبر 2016
کالی آندھی کا زور ٹوٹنے کے بعد پوائنٹس خسارہ مزید بڑھ گیا، بابر اعظم ٹاپ 20 بیٹسمینوں میں موجود
  فوٹو: اے ایف پی

کالی آندھی کا زور ٹوٹنے کے بعد پوائنٹس خسارہ مزید بڑھ گیا، بابر اعظم ٹاپ 20 بیٹسمینوں میں موجود فوٹو: اے ایف پی

دبئی:  زمبابوے میں کالی آندھی کا زور ٹوٹنے کا پاکستان نے فائدہ اٹھالیا، ون ڈے رینکنگ میں آٹھویں پوزیشن کو لاحق خطرات ٹل گئے، ٹرائنگولرسیریز میں خراب کارکردگی سے ویسٹ انڈین ٹیم مزید ایک پوائنٹ گنوا بیٹھی۔ بیٹسمینوں میں بابر اعظم 14 ویں اور محمد عرفان بولرز میں 16 واں نمبرسنبھالے ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو اختتام پزیر ہونے والی ٹرائنگولر سیریز میں ویسٹ انڈیز کی پرفارمنس انتہائی مایوس کن رہی، وہ فائنل میں بھی قدم نہیں رکھ پائی جس میں سری لنکا نے میزبان زمبابوے کو شکست دے کر ٹرافی پر قبضہ جمایا۔ اس سیریز کی بدولت ماضی کی کالی آندھی کے پاس سنہری موقع تھا کہ وہ رینکنگ میں پاکستان سے آٹھویں پوزیشن چھین کر ورلڈ کپ کیلیے براہ راست کوالیفائی کرنے کا کیس مضبوط بناسکتی تھی، اگر کیریبیئن ٹیم اس سیریز میں ناقابل شکست رہتی تو اس کے پوائنٹس کی تعداد 94 ہوجاتے، اس طرح وہ پورے پانچ پوائنٹس پاکستان سے آگے نکل جاتی مگر اب الٹا ایک پوائنٹ کی کٹوتی سے اس کے پوائنٹس کی تعداد 87 ہوگئی جبکہ پاکستان بدستور 89 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر موجود ہے، بنگلہ دیش نے 95 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں پوزیشن سنبھال رکھی ہے۔

آسٹریلیا اس وقت ٹاپ پر ہے جبکہ جنوبی افریقہ دوسرے اور نیوزی لینڈ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ 4 سے 9 دسمبرکے دوران کینگروز اور کیویز میں تین میچز کی سیریز کھیلی جائے گی، اس میں اگر نیوزی لینڈ نے کلین سوئپ کیا تو وہ دوسرے نمبر پر پہنچ جائے گی جبکہ یہی رزلٹ کینگروز کے حق میں برآمد ہونے پر کیویز کو چوتھے نمبر پر جانا پڑے گا۔بیٹسمین رینکنگ کے ٹاپ 20 میں پاکستان کے واحد کھلاڑی بابر اعظم 14 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ٹاپ تین پوزیشنز پر بالترتیب ابراہم ڈی ویلیئرز، ویرات کوہلی اور ڈیوڈ وارنر موجود ہیں۔

ٹاپ 20 بولرز میںبھی صرف ایک پاکستانی فاسٹ بولر محمد عرفان 16 ویں نمبر پر ہیں تاہم فٹنس مسائل کی وجہ سے وہ ٹیم سے دور ہیں۔ ٹاپ پوزیشن ٹرینٹ بولٹ نے سنبھال رکھی ہے۔ حالیہ ٹرائنگولر سیریز میں بہتر کارکردگی کی بدولت کیریبیئن کپتان جیسن ہولڈر کیریئر بولنگ میں کیریئر بیسٹ 14 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔