ایک ہی اننگز میں تین ففٹیز، بھارتی لوئر آرڈر بیٹسمینوں نے نیا ملکی ریکارڈ قائم کردیا

اسپورٹس ڈیسک  منگل 29 نومبر 2016
 یہ ساتواں موقع ہے جب انگلش کپتان الیسٹرکک، ایشون کا شکار بنے ہیں۔: فوٹو : اے ایف پی

یہ ساتواں موقع ہے جب انگلش کپتان الیسٹرکک، ایشون کا شکار بنے ہیں۔: فوٹو : اے ایف پی

موہالی:  تین بھارتی لوئر آرڈر بیٹسمینوں نے ایک ہی اننگز میں ففٹیز اسکور کرکے نیا ملکی ریکارڈ قائم کردیا، انگلینڈ سے رواں میچ کی پہلی باری میں ایشانت شرما، رویندرا جڈیجا اور جیانت یادیو نے ففٹیز اسکور کیں۔

یہ پہلا موقع ہے جب بھارت کے نمبر 7 سے نیچے کے تین بیٹسمینوں نے ایک ہی اننگز میں نصف سنچریاں بنائی ہوں۔ مجموعی طور پر یہ کسی بھی ٹیم کیلیے 14 واںموقع ہے۔ یہ چوتھا موقع ہے جب بھارت نے ابتدائی 6 وکٹیں 200 یا اس سے زائد رنز کے دوران گنوائی ہوں اور مجموعہ ڈبل تک پہنچا ہو۔ اس میچ میں اس کی 6 وکٹیں204 رنز پر گرگئی تھیں تاہم باقی کھلاڑی مجموعے کو 417 تک پہنچانے میں کامیاب رہے، آخری مرتبہ ایسا 1998-99میں ہیملٹن میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوا تھا جب 204 پر ہی 6 وکٹیں گنوانے کے بعد بھارتی ٹیم نے 416 رنز اسکور کیے تھے۔بھارت نے ایسا چار میں سے تین مرتبہ انگلینڈ کے خلاف کیا۔

انگلش وکٹ کیپر جونی بیئر اسٹو 2016 میں اب تک وکٹوں کے عقب میں 68 شکار کھیل چکے ہیں جوکہ کسی بھی وکٹ کیپر کی جانب سے ایک برس میںسب سے بڑی تعداد ہے، بیئر اسٹو اس دوران ای ین ہیلی (1993) اور مارک باؤچر (1998) کوپیچھے چھوڑ چکے ہیں جنھوں نے 67، 67 شکار کھیلے تھے۔ یہ ساتواں موقع ہے جب انگلش کپتان الیسٹرکک، ایشون کا شکار بنے ہیں، بھارتی اسپنر نے تیسری مرتبہ انھیں اسی سیریز میں میدان بدر کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔