حکومت کا ریلوے نیٹ ورک فاٹا تک بڑھانے کا فیصلہ

نمائندگان ایکسپریس  منگل 29 نومبر 2016
 پشاور سے طورخم تک ریلوے ٹریک بچھانے کیلیے فزیبلٹی رپورٹ تیارکرنے کی ہدایت ، ٹرین کوچزکی 110 سے220وولٹ میں تبدیلی پر غور،ریلویزافسران کا اجلاس
 فوٹو: فائل

 پشاور سے طورخم تک ریلوے ٹریک بچھانے کیلیے فزیبلٹی رپورٹ تیارکرنے کی ہدایت ، ٹرین کوچزکی 110 سے220وولٹ میں تبدیلی پر غور،ریلویزافسران کا اجلاس فوٹو: فائل

 لاہور /  اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ریلویز نیٹ ورک فاٹا تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، ریلویز حکام کو پشاور سے طورخم ریلویز ٹریک بچھانے کے لیے فزیبلٹی رپورٹ تیارکرنے کی ہدایت کر دی گئی۔

اس بات کا فیصلہ وفاقی وزیر ریلویزخواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت ریلویزافسران کے اعلیٰ اجلاس میں کیا گیا، سعد رفیق نے کہاکہ ریلوے میں فیصلے گھنٹوں میں کیے جائیں مہینوں میں نہیں، اجلاس میں ابتدائی ڈیزائن اور سروے سے متعلق سی پیک ٹیم لیڈر محمد اشفاق خٹک نے بریفنگ میں بتایا کہ (کراچی تا پشاور)ML-1 پر تیزی سے کام جاری ہے جواگلے ماہ کے آخرتک مکمل ہوگا،سعد رفیق نے کہا کہ سی پیک منصوبے کی کامیابی کے بعد تجارت کے بڑھتے حجم کے پیش نظرطورخم سے افغانستان اورسینٹرل ایشیا تک رسائی حاصل کرنے کے لیے چمن، اسپین بولدک سیکشن کے متبادل روٹ بنانے کے لیے حکمت عملی تیارکی جائے،حکومتی پالیسیوں اور ریلویز کے بہترین افراد کی مناسب حکمت عملی کی بدولت چائنیز اور ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے ساتھ ساتھ دیگرممالک بھی اب ریلوے کے ساتھ جوائنٹ وینچر کرنا چاہتے ہیں۔

چیف الیکٹریکل انجینئرمسز امبرین زمان نے مسافر کوچز میں 110وولٹ سے220 وولٹ میں تبدیلی کے حوالے سے وزیرریلوے کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 260میں سے 51کوچز میں یہ تبدیلی عمل میں لائی جاچکی ہے، وزیر ریلوے نے کہا کہ اس تبدیلی سے نہ صرف مسافروں کو کوچز میں بہترین سہولتوں کی دستیابی ممکن ہوسکے گی بلکہ ٹرینوں کی کارکردگی اور ریلوے کی آمدن میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوسکے گا، انھوں نے مزیدکہا کہ جلد ہی باقی 209 کوچز میں جون 2017تک 220وولٹ کی سپلائی کو ممکن بناکر ریلوے فلیٹ میں شامل کیا جائے، کوہاٹ ۔ راولپنڈی ٹرین بحالی سے متعلق اب تک ہونے والی پیشرفت پر چیف انجینئر اوپن لائن بشارت وحید نے وزیر ریلوے کو بریفنگ دی، ادھر ریلویز نے معروف کالم نگار اور اینکر پرسن نجم ولی خان کو ریلوے کے محکمہ تعلقات نظامت اعلیٰ کا ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز تعینات کر دیا، ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز نجم ولی نے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔