چین کو برآمد کیلیے سرٹیفکیٹ آف اوریجن کا آن لائن اجرا شروع

بزنس رپورٹر  بدھ 30 نومبر 2016
دیگرممالک کے ساتھ بھی ویب انٹرفیس بنایاجائیگا،سی او اوکی فوری تصدیق ہوسکے گی
 فوٹو: فائل

دیگرممالک کے ساتھ بھی ویب انٹرفیس بنایاجائیگا،سی او اوکی فوری تصدیق ہوسکے گی فوٹو: فائل

 کراچی:  ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے چین کو برآمدات کیلیے پاکستان کسٹمز حکام کے اشتراک عمل سے آن لائن سرٹیفکیٹ آف اوریجن ریپوسٹری سسٹم مرتب کیا ہے جس سے الیکٹرونک ڈیٹا ایکس چینج کے تحت سرٹیفکیٹس آف اوریجن (سی او او) جاری کیے جائیں گے، برآمد کنندگان اب وی بوک یوزر آئی ڈی کے ذریعے سر ٹیفکیٹس آف اوریجن کے لیے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔

یہ آن لائن سسٹم دونوں ممالک کے درمیان برآمدات کے فروغ اور معلومات کے تبادلے کی سمت میں بڑا اقدام ہے اس موڈیول سے آن لائن مضبوط تصدیق کا موقع فراہم ہوگا اور مال کی کلیئرنس کے وقت کنٹری آف اوریجن میں مجاز اتھارٹی جو بھی سرٹیفکیٹ آف اوریجن جاری کرے گی اس کی تصدیق ممکن ہوگی، یہ نیا نظام موجودہ ماڈل کی جگہ لے گا جو غیر موثر بھی ہے اور مہنگا بھی اور جس میں سرٹیفکیٹ آف اوریجن کی تصدیق کرنے کے عمل میں کئی مہینے لگ جاتے ہیں، نئے نظام میں کسٹمز کے لیے بھی ممکن ہوگا کہ ترجیحی تجارت کے تحت اہل اشیا پر بروقت رعایتیں دے سکیں۔

اس نئے نظام سے ٹی ڈی اے پی کے لیے بھی ممکن ہوگا کہ وہ متحرک برآمدکنندگان کے اہل برآمدی کوائف کو محفوظ کر کے باریک بینی سے فیصلے کر سکے، ٹی ڈی اے پی اور کسٹمز حکام نے ملک بھر میں اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ آگہی کے لیے کئی سیمینار منعقد کیے ہیں اور ان کو اس نئے آن لائن سسٹم کے خدوخال اور طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا ہے کہ جس سے سی پی ایف ٹی اے کے تحت سر ٹیفکیٹس کے ضمن میں تجارت کرنے میں ان کے اخراجات کم ہوں گے۔

اس نئے نظام کوٹیسٹ کر کے 28نومبر2016سے ان تمام مراکز میں لاگو کر دیا گیا ہے جو سرٹیفکیٹ آف اوریجن جاری کرتے ہیں، چین کے ساتھ اس نظام کو چلانے کے بعد ٹی ڈی اے پی کا ارادہ ہے کہ وہ دوسرے برآمدی ممالک کے متعلقہ کسٹمر حکام کے ساتھ بھی ویب سائٹ انٹرفیس بنائے تاکہ موجودہ ہاتھ سے دستخط اور اسٹامپ لگانے والے نظام کی جگہ برقیات کے ذریعے سرٹیفکیٹ آف اوریجن جاری ہوں جو ویب پر تصدیق کے لیے فوری طور پر میسر ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔