27 دسمبر کو سب مل کر تخت لاہور کی آمریت کو گرائیں گے، بلاول بھٹو زرداری

ویب ڈیسک  بدھ 30 نومبر 2016
شیر نے بلی بن کر بھاگنے کی کوشش کی تو بھاگنے نہیں دیں گے، چیرمین پاکستان پیپلزپارٹی، فوٹو؛ فائل

شیر نے بلی بن کر بھاگنے کی کوشش کی تو بھاگنے نہیں دیں گے، چیرمین پاکستان پیپلزپارٹی، فوٹو؛ فائل

لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ 27 دسمبر کو دما دم مست قلندر ہوگا اورسب مل کر تخت لاہورکی آمریت کو گرائیں گے۔

لاہورمیں پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کے جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹوزرداری نے حکومت کو خوب آڑے ہاتھوں لیا، چیرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم نے (ن) لیگ حکومت سے 4 مطالبات کیے ہیں جس کا انہوں نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جواب نہیں دیا، میں نے اپنی ذات کے لیے حکومت سے کچھ نہیں مانگا، صرف پارلیمنٹ کو طاقتور کرنے کی بات کررہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیں سڑکوں پر آنے پر مجبور نہ کرے، 27 دسمبر کو دما دم مست قلندرہوگا، پورالاہور سڑکوں پر ہوگا پھر آپ کو لگ پتا جائے گا جب سب مل کر تخت لاہورکی آمریت کو گرائیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاناما اسکینڈل دنیا کا سب سے بڑا اسکینڈل ہے، یوسف رضا گیلانی کو صرف ایک خط نہ لکھنے پر نا اہل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو تیسری بار وزیراعظم بنوایا گیا، اب اگلے الیکشن میں دھاندلی نہیں ہونے دوں گا، شیر نے بلی بن کر بھاگنے کی کوشش کی تو بھاگنے نہیں دیں گے، شہید بی بی کی طرح جمہوری طریقے استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سے زیادہ آئین اور قانون کون جانتا ہے، ہم انصاف کے لیے جمہوری انقلابی اصلاحات لائیں گے، میں سندھ میں تبدیلی لے آیا ہوں، پارٹی میں تبدیلی لارہا ہوں، اگر میرا ساتھ دیا تو پورے ملک میں جمہوری انقلاب لاؤں گا۔

پیپلز پارٹی کے چیرمین نے کہا کہ ایجنڈے کے ذریعے نئی جمہوری اصلاحات کے لیے کوشش کریں گے، ہم نیا ایجنڈا لائیں گے جو پاکستان کے لیے مکمل عملی ترقی پسند پلیٹ فارم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لاہورمیں آج نئی پیپلز پارٹی جنم لے رہی ہے، پورے ملک میں ضلعی تنظیم نو سے گزر رہے ہیں، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں کی زنجیر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔