سعودی عرب میں طوفانی بارشوں اورآسمانی بجلی گرنے سے 7 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  جمعرات 1 دسمبر 2016
مکہ مکرمہ میں بارش کے باعث کئی علاقے زیر آب گئے جب کہ تہامہ میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی گئیں۔،فوٹو:فائل

مکہ مکرمہ میں بارش کے باعث کئی علاقے زیر آب گئے جب کہ تہامہ میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی گئیں۔،فوٹو:فائل

ریاض: سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورت حال کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق شدید بارشوں کے باعث اب تک 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں جب کہ درجنوں مکانات متاثر اور نکاسی آب کا نظام بھی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔ سعودی حکام کے مطابق سیلابی صورت حال کے باعث بیشہ میں 3 افراد ٹریفک حادثات میں ہلاک ہوئے جب کہ 2 افراد بھا میں اور 2 القنفذہ میں آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہوئے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: سعودی عرب میں شدید بارشوں کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

سعودی حکام کے مطابق مکہ مکرمہ میں بارش کے باعث کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں جب کہ جدہ اور جازان کو ملانے والی بین الاقوامی شاہراہ بھی مختلف مقامات سے سیلاب میں بہہ گئی ہے۔ سیلابی کیفیت کے باعث محکمہ ٹریفک نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بارش کے دوران گھروں سے غیر ضروری طورپر باہر نہ نکلیں۔

شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث تہامہ کے اسکولوں میں تدریسی سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں اور محکمہ تعلیم نے طلبہ کو تاحکم ثانی گھروں ہی میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔