سندھ حکومت نے گندم 25 روپے فی 100 کلو بوری سستی کردی

بزنس رپورٹر  جمعـء 2 دسمبر 2016
فلورملزنے بھی آٹے اورمیدے کی قیمتیں کم کردیں،فیصلہ پنجاب میں نرخ گرنے پرکیاگیا
 فوٹو : فائل

فلورملزنے بھی آٹے اورمیدے کی قیمتیں کم کردیں،فیصلہ پنجاب میں نرخ گرنے پرکیاگیا فوٹو : فائل

 کراچی: فلو ملز مالکان نے حکومت سندھ کی منظوری سے صوبے میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن ساؤتھ زون کے چیئرمین چوہدری ناصرعبداللہ نے ’ایکسپریس‘ کو بتایا کہ حکومت پنجاب نے گزشتہ ماہ گندم اورآٹے کی قیمتیں کم کی تھیں۔

جس سے یہاں زائدقیمتوں کے باعث پنجاب سے گندم و آٹے کی ترسیل بڑھنے کا خطرہ تھا، اس تناظر میں ایسوسی ایشن کے بات کرنے پر محکمہ خوراک سندھ نے بدھ کو گندم کی قیمت 25روپے کمی کر کے 3275 سے گھٹا کر 3250 فی 100 کلوگرام بوری کردی، فیصلے کے بعد سندھ بھرکی فلورملز نے آٹے کی قیمت گھٹا کر 1910 روپے فی 50 کلو بوری، 10کلو تھیلے کی قیمت 387 روپے، میدہ 1985 روپے فی 50 کلوبوری اور فائن آٹا بوری کی قیمت 1985 روپے 50 کلوبوری کردی۔

چوہدری ناصرعبداللہ نے بتایا کہ محکمہ خوراک سندھ کے اس دانشمندانہ فیصلے سے پنجاب سے گندم وآٹے کی ترسیل کے خطرات ٹل گئے اور سندھ کے سرکاری گوداموں سے بھی گندم کا اخراج بڑھے گا، فی الوقت سرکاری گوداموں میں 10 لاکھ ٹن گندم موجود ہے جس میں سے 15 مارچ2017 کو نئے سیزن آنے تک5 لاکھ ٹن گندم اٹھا لی جائے گی، اس طرح نئے سیزن کی آمد تک سندھ کے سرکاری گوداموں میں4 تا5 لاکھ ٹن گندم بچے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔