پاکستانی کرکٹر کو ’’ہنی ٹریپ‘‘ میں پھنسانے کی کوشش

سلیم خالق  جمعـء 2 دسمبر 2016
بنگلہ دیش لیگ کی ساکھ مزید خراب ہونے سے بچانے کیلیے معاملے پر مٹی ڈال دی گئی۔ فوٹو: فائل

بنگلہ دیش لیگ کی ساکھ مزید خراب ہونے سے بچانے کیلیے معاملے پر مٹی ڈال دی گئی۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں شریک ایک پاکستانی کرکٹر کو ’’ہنی ٹریپ‘‘ میں پھنسانے کی کوشش کا انکشاف ہوا ہے، مشکوک افراد سے روابط رکھنے والی ایک خاتون مہمان کو کھلاڑی کے کمرے سے نکالا گیا،لیگ کی ساکھ مزید خراب ہونے سے بچانے کیلیے معاملے پر مٹی ڈال دی گئی، دوسری جانب پی سی بی نے ایسے کسی واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہمیشہ کی طرح اس بار بھی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں تنازعات کی بھرمار ہے، چند روز قبل الامین حسین اور صابر رحمان پر بی سی بی نے بھاری جرمانے عائد کیے، میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کی وجہ خواتین کو ہوٹل رومز میں بلانا بنی،اب ایک پاکستانی کھلاڑی کے حوالے سے بھی ایسی ہی اطلاعات سامنے آئی ہیں، ذرائع نے بتایا کہ فکسنگ کی بعض رپورٹس سامنے آنے کے بعد میزبان اینٹی کرپشن یونٹ خاصا محتاط ہو چکا ہے، اسے اطلاع ملی تھی کہ بکیز بعض خواتین کو کرکٹرز کے پاس بھیج رہے ہیں تاکہ ان سے معلومات حاصل کر سکیں۔

اس حوالے سے نشاندہی بھی کی گئی تھی، چند روز قبل روکنے کے باوجود ایک پاکستانی کھلاڑی نے اپنے ہوٹل روم میںایک خاتون مہمان کو مدعوکیا تھا جسے بعد میں وہاں سے نکال دیا گیا، چونکہ لیگ ویسے ہی تنازعات سے بھری ہوئی ہے اس لیے واقعے کو دبا دیا گیا، البتہ مذکورہ کرکٹر کومحتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔دوسری جانب جب پی سی بی سے اس واقعے کے بارے میں پوچھا گیا تو ترجمان نے کہا کہ ہمارے علم میں ایسی کوئی بات نہیں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔