بلاول بھٹوزرداری کی غلط رہنمائی کی جا رہی ہے، رانا ثناءاللہ

ویب ڈیسک  جمعـء 2 دسمبر 2016
 پیپلزپارٹی کا پنجاب میں دوبارہ متحرک ہونا خوش آئند ہے، رانا ثنااللہ فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی کا پنجاب میں دوبارہ متحرک ہونا خوش آئند ہے، رانا ثنااللہ فوٹو: فائل

 لاہور: وزیر قانون رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کا پنجاب میں دوبارہ متحرک ہونا خوش آئند ہے جب کہ بلاول بھٹو زرداری کی غلط رہنمائی کی جا رہی ہے۔

وزیرقانون پنجاب راناثنااللہ نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جھنگ میں ضمنی انتخابات کی انتخابی مہم کے لئے وقت کم ملا ، جھنگ میں آزاد امیدوار کی جیتنے کی وجہ ہمارے امیدوار کو نااہل قراردینا ہے لیکن جھنگ الیکشن میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی اورشفاف الیکشن ہوا، جھنگ میں حق نوازجھنگوی کی عوام میں بہت پذیرائی ہے۔

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی وفاقی جماعت ہے اورجمہوریت کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں، پیپلزپارٹی کا پنجاب میں دوبارہ متحرک ہونا خوش آئند ہے جب کہ بلاول بھٹو زرداری کی غلط رہنمائی کی جا رہی ہے اوربلاول بھٹو کو کسی نے کہا ہے کہ عمران خان کی طرح بدزبان ہوجاؤ وہ اب تحریک انصاف کی طرزپرگالم گلوچ کی سیاست کررہے ہیں۔

اداکارہ قسمت بیگ کے قتل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ قسمت بیگ کا قتل ٹارگٹ کلنگ ہے، کیس میں 4 ملزمان گرفتارہوچکے ہیں اور دیگر کو بھی جلد گرفتار کر لیں گے.



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔