برطانوی چینل پر ’’اجنبی جڑواں افراد‘‘ نے سب کو حیران کردیا

ویب ڈیسک  اتوار 4 دسمبر 2016
چینل پر ایسے مردوخواتین کو دکھایا گیا جن کی شکلیں آپس میں تو ملتی ہیں لیکن وہ ایک دوسرے سے ناواقف ہیں۔
بشکریہ چینل فور

چینل پر ایسے مردوخواتین کو دکھایا گیا جن کی شکلیں آپس میں تو ملتی ہیں لیکن وہ ایک دوسرے سے ناواقف ہیں۔ بشکریہ چینل فور

لندن: بی بی سی چینل فور کے ایک پروگرام ’’ میرا اجنبی جڑواں‘‘ مائی ٹوِن اسٹرینجر نے دنیا کو اس وقت حیران کردیا جب اس کے پروگرام میں درجنوں ایسے افراد کو پیش کیا گیا جو ایک دوسرے کو جانتے نہ تھے لیکن ساتھ بیٹھنے پر ہم شکل اور ہم بدن جڑواں دکھائی دیتے ہیں۔

 

اس پروگرام کے بعد سینٹ تھامس اسپتال لندن میں نہ صرف حقیقی جڑواں افراد پر تحقیق کا آغاز کیا ہے بلکہ ایسے ہوبہ ہو مشابہہ افراد کا مطالعہ شروع کردیا ہے جن کا آپس میں دور دور کا واسطہ بھی نہیں ہوتا۔

اس ایک گھنٹے کے پروگرام میں 7 جوڑوں کو دکھایا گیا جن کی صورت، نقوش، جسمانی ساخت اور قد تک بالکل یکساں تھا۔ پروگرام میں ان افرا د کو ایک ساتھ بیٹھنے کا موقع دیا گیا تاکہ وہ ایک دوسرے کو دوست بناسکیں اور اس حیرت انگیز مماثلت کو نوٹ کرسکیں۔

پروگرام میں 21 سالہ شینن لونرگان کی ملاقات سویڈن کی 17 سالہ سارہ سے کرائی گئی جنہوں نے ایک دوسرے کو انٹرنیٹ پر دریافت کیا تھا۔ ان دونوں کی حیرت انگیز مماثلت کا ذرائع ابلاغ میں بھی بہت چرچا ہوا تھا۔

اس پروگرام میں مرد اور بوڑھے افراد بھی دکھائے گئے ہیں جو ایک دوسرے کے ہم شکل جڑواں لگتے ہیں اور ان کی مشابہت دیکھ کر دنیا حیران رہ گئی ہے۔

اسی پروگرام میں راب اور کوبی بھی دکھائی دیئے۔ دونوں کے بال بھی ایک جیسے ہیں اور دونوں عینک بھی پہنتے ہیں۔

جب ڈیوڈ اور ڈیرن نے ایک دوسرے کو اس پروگرام میں دیکھا تو وہ دونوں جڑواں بھائیوں کی طرح نظر آئے۔

نارنجی ٹی شرٹس میں ملبوس پک اور شیری نے بھی سائنسدانوں کو حیران کردیا اور ماہرین ان کی صورت پر کچھ ٹیسٹ کریں گے۔

اسی طرح عمررسیدہ نیل اور جان کے درمیان فرق کرنا بھی بہت مشکل دکھائی دیتا ہے۔ قدرت کے اس عجیب و غریب مظہر پرخود سائنسدان بھی حیران ہیں.

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔