نوبل امن انعام یافتہ سوچی اپنے ملک میں مسلمانوں کا قتل عام بند کروائیں، ملائیشین وزیراعظم

ویب ڈیسک  اتوار 4 دسمبر 2016
آنگ سان سوچی میانمار کی حکمراں ہونے کے باوجود روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام نہیں رکواسکتیں،ملائیشین وزیراعظم، فوٹو:فائل

آنگ سان سوچی میانمار کی حکمراں ہونے کے باوجود روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام نہیں رکواسکتیں،ملائیشین وزیراعظم، فوٹو:فائل

کوالالمپور: ملائیشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق نے میانمارمیں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف نوبل امن انعام یافتہ آنگ سان سوچی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ملک میں خون ریزی بند نہیں کرواسکتیں تو پھر انہیں نوبل امن انعام دینے کا کیا فائدہ ہوا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کیخلاف ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں احتجاجی ریلی کا انعقاد  کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ملائیشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق نے نوبل امن انعام یافتہ آنگ سان سوچی کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ سوچی کو نوبل امن انعام دینے کا کیا فائدہ ہوا کہ وہ اپنے ملک میں حکمران ہونے کے باجود روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی نہیں رکواسکتیں۔

نجیب رزاق کا کہنا تھا کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی پر ہزاروں افراد ہمسایہ ممالک ہجرت کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں ہمیں اب ہر صورت میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی رکوانی ہے اور ان کا تحفظ یقینی بنانا ہے اس موقع پر مظاہرین نے ’’اللہ اکبر اللہ اکبر‘‘ کے نعرے لگائے۔ انہوں نے مسلم ممالک کی تنظیم او آئی سی اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ  اس خون ریزی کو رکوانے کے لئے کچھ کرے جب کہ دنیا آرام سے بیٹھ کر یہ خون ریزی نہیں دیکھ سکتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔