وزیراعظم نے دیامر بھاشا ڈیم کے مالیاتی پلان کی منظوری دے دی

ویب ڈیسک  پير 5 دسمبر 2016
دیامر بھاشا ڈیم سے 4 ہزار 500 میگا واٹ بجلی بھی پیدا ہو گی۔ فوٹو: فائل

دیامر بھاشا ڈیم سے 4 ہزار 500 میگا واٹ بجلی بھی پیدا ہو گی۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے 4 ہزار 500 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے دیامر بھاشا ڈیم کے مالیاتی پلان کی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دیا مر بھاشا ڈیم کا مالیاتی پلان سیکرٹری پانی و بجلی یونس ڈھاگا نے وزیراعظم نواز شریف کو پیش کیا جس کی وزیراعظم نے منظوری بھی دے دی ہے۔

سیکرٹری پانی و بجلی کی جانب سے وزیرعظم کو پیش کئے گئے پلان کے مطابق دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کی تازہ تجویز خود انحصاری پر مبنی ہے، ڈیم کی تعمیر پی ایس ڈی پی فنڈز اور واپڈا کے وسائل سے کی جائے گی جب کہ بجلی گھر کی تعمیر کے منصوبے کے لئے کمرشل بنیادوں پر فنڈز حاصل کئے جائیں گے۔

وزیراعظم نواز شریف نے دیا مر بھاشا ڈیم منصوبے کے لئے اراضی کے حصول کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے سیکرٹری پانی وبجلی، منصوبہ بندی اور سیکرٹیر خزانہ کو پلان کو حتمی شکل دینے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نواز شریف نے سیکرٹری پانی و بجلی کو منصوبے کی تعمیر 2017 سے قبل شروع کرنے کا حکم دیا۔

واضح رہے کہ دیامر بھاشا ڈیم میں 8.1 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی جب کہ اس منصوبے سے 4 ہزار 500 میگا واٹ بجلی بھی پیدا کی جا سکے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔