انڈونیشیا میں زلزلے سے 97 افراد ہلاک، متعدد عمارتیں منہدم

ویب ڈیسک  بدھ 7 دسمبر 2016
انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں آنے والے زلزلے کی شدت 6.5 اور زمین میں اس کی گہرائی 17 کلو میٹر تھی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں آنے والے زلزلے کی شدت 6.5 اور زمین میں اس کی گہرائی 17 کلو میٹر تھی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

جکارتا: انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں 6.5 شدت کے زلزلے سے کم از کم 97 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے جب کہ کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق انڈونیشیا کے صوبے آچے کے جزیزے سماٹرا میں زیر زمین آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.5 ریکارڈ کی گئی جب کہ زمین میں اس کی گہرائی  17 کلو میٹر تھی۔ حکام کے مطابق زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے جو کئی گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے تاہم سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔

زلزلے کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ضلع پیدے جیا کے ڈپٹی چیف کا کہنا ہے کہ اسپتال سے حاصل کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق اب تک 52 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ درجنوں زخمی ہیں جنہیں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب انڈونیشیا کے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے مطابق زلزلے کے باعث متعدد دکانیں اور عمارتیں تباہ ہوگئیں جس کے باعث درجنوں افراد پھنس گئے جنہیں ہیوی مشینری کی مدد سے باہر نکالا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا سے حاصل کی گئیں تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زلزلے کے باعث کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔

واضح رہے کہ 2004 میں انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں 9.2 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں آنے والے سونامی نے ہر طرف تباہی مچا دی تھی اور صرف آچے صوبے میں ایک لاکھ 20 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔