اقوام متحدہ خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرے، طارق فاطمی

ویب ڈیسک  بدھ 7 دسمبر 2016
بھارت مقبوضہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے سرحد پر جارحیت کر رہا ہے، طارق فاطمی۔ فوٹو؛ فائل

بھارت مقبوضہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے سرحد پر جارحیت کر رہا ہے، طارق فاطمی۔ فوٹو؛ فائل

نیو یارک: وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کا کہنا ہےکہ اقوام متحدہ خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل جان الیاسن اور نامزد سیکرٹری جنرل انٹانیو گوٹیرز سے ملاقات کی جس میں اقوام متحدہ کے عہدیداروں نے پاک بھارت مذاکرات کی بحالی اور کشیدگی میں کمی پر زور دیا۔ اس موقع پر طارق فاطمی نے اقوام متحدہ حکام کو بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرے جب کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے سرحد پر جارحیت کر رہا ہے۔

اس سے قبل واشنگٹن میں طارق فاطمی نے امریکی نائب وزیرخارجہ انتونی بلنکن سے ملاقات کی جس میں انہوں نے امریکا میں صدارتی انتخاب پر وزیراعظم نواز شریف کا نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور لائن آف کنٹرول سمیت ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت کے باعث پیداہونے والی کشیدہ صورتحال سے آگاہ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔