آئندہ عام انتخابات 2017 میں ہوتے دیکھ رہا ہوں، بلاول بھٹو زرداری

ویب ڈیسک  بدھ 7 دسمبر 2016
اگلا الیکشن پیپلز پارٹی جیت جائے گی ، بلاول بھٹو فوٹو: فائل

اگلا الیکشن پیپلز پارٹی جیت جائے گی ، بلاول بھٹو فوٹو: فائل

 لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ آئندہ عام انتخابات 2018 کے بجائے 2017 میں ہوتے دیکھ رہے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جنوری سے وہ لاہور کا شہری بن کر یہیں رہیں گے اور سیاست کریں گے، جھنگ کے الیکشن کی انتخابی مہم تکلیف دہ تھی۔ میں عام سیاست دان نہیں شہید کا بیٹا ہوں، میں سمجھتا ہوں کہ عوام کو انصاف نہیں مل رہا، دہشت گردی پر سیاست کے بجائے اس کے خلاف اتحاد بناؤں گا، دہشت گردی کےخلاف کاز اور مشن یکساں ہوں تو سب مل کر کام کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جہلم میں قومی اسمبلی کی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے انہوں نے سوچا تھا کہ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف مشترکہ امیدوار سامنے لائیں اور وہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف کامیاب ہوکر ثابت کردے کہ قوم نواز شریف کو مسترد کرتی ہے لیکن ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف نے ہمیں دھوکا دیا۔ ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف نے ہمارا امیدوار چرا یا لیکن ہار گئی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ان کے اور عمران خان کے انداز میں فرق ہے، وہ عمران خان کی طرح دھمکی نہیں دے رہے بلکہ اپنے منصوبے کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہم حکمرانوں کا جمہوری احتساب چاہتےہیں، ہم نے حکومت سے 4 مطالبات کیے ہیں ، اگر یہ مطالبات نہ مانے گئے تو 27 دسمبر کو لانگ مارچ کااعلان کریں گے۔ ان کے اعلان کا یوٹرن نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ انتخابات 2017 میں ہوں گے اور امید ہے کہ اگلا الیکشن پیپلز پارٹی جیت جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔