بھارت اور افغانستان نے ہماری امن کی خواہش کا مناسب جواب نہیں دیا، طارق فاطمی

ویب ڈیسک  جمعرات 8 دسمبر 2016
امریکا اور پاکستان ایک دوسرے کے اسٹریٹجک ساتھی ہیں، طارق فاطمی۔ فوٹو : فائل

امریکا اور پاکستان ایک دوسرے کے اسٹریٹجک ساتھی ہیں، طارق فاطمی۔ فوٹو : فائل

واشنگٹن: وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان نے ہزاروں جانوں کی قربانی دی لیکن بھارت اور افغانستان سے ہماری امن کی خواہش کا مناسب جواب نہیں ملا۔

وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے واشنگٹن میں امریکی خارجہ پالیسی کے ماہرین اور حکومتی نمائندوں سے ملاقاتیں کیں جس میں ان کا کہنا تھاکہ نو منتخب امریکی صدر کے جنوبی ایشیا کے تنازعات حل کرنے سے متعلق اعلانات نہ صرف خوش آئند ہیں بلکہ سیکیورٹی اور اقتصادی معاملات کے حوالے سے پاکستان اور امریکا ایک دوسرے کے اسٹریٹجک ساتھی بھی ہیں جب کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں ڈونلڈ ٹرمپ کےآنے کے بعد مزید بہتری کی بھی امید ہے۔

طارق فاطمی نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان نے ہزاروں جانوں کی قربانی دی جب کہ بھارت اور افغانستان سے ہماری امن کی خواہش کا مناسب جواب نہیں ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ایک پیش رفت ہے جس میں تمام ممالک شامل ہوسکتے ہیں اور اس سے ہر ملک کو فائدہ ہو گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔