تحریک انصاف نے شہبازشریف کی نااہلی کے لئے درخواست دائر کردی

 ہفتہ 10 دسمبر 2016
شہبازشریف خاندانی کاروبار کے تحفظ کےلئے اپنے منصب کا استعمال کررہے ہیں، مرکزی ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق : فوٹو : فائل

شہبازشریف خاندانی کاروبار کے تحفظ کےلئے اپنے منصب کا استعمال کررہے ہیں، مرکزی ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق : فوٹو : فائل

تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی نااہلی کےلئے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرائی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی نا اہلی کے لئے لاہور ہائی کورٹ میں اعجاز چوہدری کے توسط سے درخواست جمع کرائی ہے۔ نااہلی کی درخواست شاہد ندیم گوندل ایڈووکیٹ کی جانب سے تیار کی گئی ہے جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے شہباز شریف کے خلاف دائر درخواست کی پیروی بابر اعوان کریں گے۔

تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان نعیم الحق کا کہنا ہے کہ شہبازشریف خاندانی کاروبار کے تحفظ کےلئے اپنے منصب کا استعمال کررہے ہیں اور انہوں نے اپنے مفاد کی خاطر ہائی کورٹ کے حکم نامے کی دھجیاں اڑائیں، وہ اپنے منصب اور حلف سے روگردانی کے مرتکب ہوئے ہیں، ہم ایسا نظام نہیں چلنے دیں گے، جس سے طاقتور طبقہ عدالتی احکامات ہوا میں اڑا دے۔ آئین، قانون اور اداروں کو موم کی ناک سمجھنے والوں کو من مانیوں کی اجازت نہیں دے سکتے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔