تحریک انصاف کا پاناما کیس پر رواں ماہ جلسے کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 دسمبر 2016
عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں جلسوں کا فیصلہ کرتے ہوئے وزیراعظم سے ایک بار پھر استعفے کا مطالبہ کیا گیا۔ فوٹو؛ فائل

عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں جلسوں کا فیصلہ کرتے ہوئے وزیراعظم سے ایک بار پھر استعفے کا مطالبہ کیا گیا۔ فوٹو؛ فائل

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے پاناما کیس پر دسمبر میں ملک کے مختلف شہروں اور اضلاع میں جلسے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

چیرمین تحریک انصاف کی زیرصدارت پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں فیصل جاوید، افتخاردرانی، عون چوہدری اور ڈاکٹریاسمین راشد سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے، اجلاس میں پاناما لیکس کیس سے متعلق تحریک انصاف کی جانب سے بنائی گئی شریف برادران کے بیانات پرمبنی خصوصی دستاویزی فلم کی دوسری قسط کا مشاہدہ کیا گیا جب کہ اس میں کیس پر شریف برداران کے بیانات کی ملک بھرمیں ضلعی، تحصیل اوریوسی سطح پر تشہیرکی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاناما کیس سے متعلق نوازشریف اپنی ساکھ  مکمل طور پر کھو چکے ہیں لہٰذا وزیراعظم نوشتہ دیوارپڑھ لیں اورفوری طورپراستعفیٰ دیں۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے رواں ماہ میں پاناما کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت نہ ہونے کی وجہ سے ملک کے مختلف شہروں اور اضلاع میں جلسے کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی منظوری عمران خان نے بھی دے دی ہے۔ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ جلسے کرنے کا مقصد پاناما کیس کو عوام کے درمیان رکھنا ہے تاکہ عوام اس کیس کو بھول نہ سکیں جب کہ پی ٹی آئی نے کل پارٹی اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس میں جلسوں سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے چیف جسٹس پاکستان کی ریٹائرمنٹ کے باعث پاناما کیس کی سماعت از سر نوکرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے جنوری میں نئے بینچ کے روبرو سماعت کا کہا ہے جب کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم اس کیس کو عوام کو بھولنے نہیں دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔